کانگریس کے ساتھ تال میل قائم نہ کرنے ترنمول کانگریس کا اعلان

   

کلکتہ۔ پارلیمنٹ کے اگلے اجلاس میں ترنمو ل کانگریس نے اکیلا چلو کی پالیسی کو اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کانگریس کے ساتھ تال میل قائم کرکے اپوزیشن اتحاد کا نہ حصہ بنے گی اور نہ ہی کانگریس کی طلب کردہ اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ میں حصہ لے گی ۔ ترنمول کانگریس نے ہفتہ کے روز کہا کہ وہ پارلیمنٹ کے آئندہ سرمائی اجلاس میں کانگریس کے ساتھ تال میل میں دلچسپی نہیںرکھتی ہے ، لیکن عوامی مفاد کے مختلف مسائل پر دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ تعاون کرے گی۔ ترنمول کانگریس قائد نے کہا کہ پارٹی 29 نومبر کو کانگریس لیڈر ملکارجن کھرگے کے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کرے گی۔
اس سے قبل راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر کھرگے نے کہا تھا کہ کانگریس سرمائی اجلاس میں ترنمول کانگریس سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ تال میل بنائے گی۔ دونوں پارٹیوں کے درمیان کشیدہ تعلقات کے درمیان، ترنمول کانگریس نے کانگریس کو مشورہ دیا ہے کہ اسے مناسب اندرونی تال میل قائم کرنا چاہیے اور پہلے اپنا گھر ٹھیک کرنا چاہیے ۔پارٹی کے فیصلے سے واقف ترنمول کانگریس لیڈر نے بتایا کہ ہم سرمائی اجلاس میں کانگریس کے ساتھ تال میل میں دلچسپی نہیں رکھتے ۔ کانگریس قائدین کو پہلے آپس میں تال میل قائم کرنا چاہئے ۔ پہلے اپنا گھر ٹھیک کرو پھر دوسروں سے ہم آہنگی کا سوچو۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ترنمول کانگریس دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ تعاون کرے گی، انہوں نے کہا، ‘‘ہم عوامی مفاد میں مختلف مسائل کو اٹھائیں گے اور ان کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کریں گے ۔ ہم شاید کانگریس کی طرف سے بلائی گئی اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ میں بھی شرکت نہیں کریں گے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے خلاف لڑائی میں کانگریس سے منہ موڑنے کے بارے میں ایک سوال پر، ترنمول کانگریس کے رہنما نے کہاکہ ان کے رہنماؤں میں بی جے پی کے خلاف لڑنے کا عزم نہیں ہے ۔ترنمول کانگریس 29 نومبر کو مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور پارٹی سربراہ ممتا بنرجی کی رہائش گاہ پر پارٹی کی قومی رابطہ کمیٹی کی میٹنگ کرے گی۔