بھوپال: مدھیہ پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات سے پہلے کانگریس کے سات مختلف لیڈر 19 تاریخ سے مختلف علاقوں میں جن آکروش یاترا نکالیں گے ۔ ریاست کے تمام 230 اسمبلی حلقوں سے ہوکر گزرنے والی یہ یاترا 19 ستمبر سے شروع ہو گی اور 15 دن تک جاری رہے گی۔ پارٹی کے ریاستی انچارج جنرل سکریٹری رندیپ سرجے والا اور ریاستی یونٹ کے صدر کمل ناتھ نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ریاست کی 18 سال کی بدحالی اور تباہی کی وجہ سے بی جے پی حکومت کے خلاف عوام میں پیدا ہونے والا عدم اطمینان اب عوامی غصے میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ ایک طرف عوام میں بی جے پی حکومت کے خلاف غصہ ہے تو دوسری طرف کانگریس اور کمل ناتھ کے تئیں عوام میں جوش ہے ۔ عوام کی یہ آواز سن کر کانگریس ‘جن آکروش یاترا’ شروع کر رہی ہے ۔ اس دوران انہوں نے ریاستی حکومت پر کئی طرح کے گھپلے کرنے کا الزام بھی لگایا۔ سرجے والا نے ایک بار پھر کانگریس پارٹی کے دیگر وعدوں کو دہرایا جن میں 500 روپے میں گیس سلنڈر دینا، 100 یونٹ تک بجلی کا بل معاف کرنا، اسے 200 یونٹ تک آدھا کرنا، بیٹیوں کو ماہانہ 1500 روپے دینا شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن آکروش یاترا میں ریاست کے عوام کل ملاکر 11 ہزار 400 کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں گے ، جس کو مکمل کرنے کیلئے پارٹی کے سات لیڈر قیادت کریں گے ۔ ان میں قائد حزب اختلاف گووند سنگھ 1600 کلومیٹر، سابق مرکزی وزیر ارون یادو 1700 کلومیٹر، سابق وزیر کملیشور پٹیل 1900 کلومیٹر، سابق قائد حزب اختلاف اجے سنگھ راہل 1400 کلومیٹر، سابق مرکزی وزیر سریش پچوری 1400 کلومیٹر، کانتی لال بھوریا 1700 کلومیٹر اور سابق وزیر جیتو پٹواری 1700 کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں گے ۔