کمیٹیوں میں حقیقی کانگریس قائدین کو نظرانداز کرنے کے خلاف ہائی کمان سے شکایت کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 17 ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس کے تمام سینئر قائدین نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی کے خلاف بغاوت کردی۔ کانگریس بچاؤ کا نعرہ دیتے ہوئے نوتشکیل شدہ کانگریس عاملہ میں کانگریس کے حقیقی قائدین کو نظرانداز کرتے ہوئے حال ہی میں شامل ہونے والے دوسری پارٹی قائدین کو اہمیت دینے کا الزام عائد کیا۔ کانگریس کو ختم کرنے کی سازش کرنے کا صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پر الزام عائد کیا ہے۔ کانگریس قائد مقننہ ملوبٹی وکرامارک کی قیامگاہ پر آج کانگریس کے سینئر قائدین کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اتم کمار ریڈی، مدھوگوڑ یشکی، جگاریڈی، مہشور ریڈی، دامودھر راج نرسمہا، پریم ساگر راؤ، ایم کودنڈا ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے ملوبٹی وکرامارک کو ٹیلیفون کیا اور پارٹی کے قائدین کے فیصلے کی مکمل تائید و حمایت کرنے کا اعلان کیا۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جمبوجٹ باڈی تشکیل دینے اور پارٹی کے حقیقی قائدین کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنے حامیوں کو ترجیح دینے پر کانگریس کے سینئر قائدین ریونت ریڈی سے ناراضگی کا اظہار کررہے اجلاس میں پارٹی کے سینئر قائدین نے پارٹی ہائی کمان سے شکایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مختلف کمیٹیوں میں 108 قائدین کو شامل کیا گیا ہے جس میں 54 قائدین ایسے ہیں جو دوسری جماعتوں سے کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے حقیقی قائدین پر مخبر ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں پارٹی سے دور کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ پارٹی کے سینئر قائدین اس مسئلہ پر ہائی کمان سے ملاقات کریں گے۔ کمیٹیوں کی تشکیل میں جو ناانصافیاں ہوئی ہیں اس سے واقف کرائیں گے۔ ملوبٹی وکرامارک نے کہا کہ پارٹی کے تمام سینئر قائدین میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ پارٹی کے تحفظ کیلئے قدم اٹھانے کا وقت آ گیا ہے۔ کانگریس کے سینئر قائدین کو سوشل میڈیا کے ذریعہ نشانہ بنایا جارہا ہے۔ دیڑھ سال تک اس کو برداشت کیا گیا ہے۔ اب صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے۔ دامودھر راج نرسمہا نے کہا کہ کانگریس کے حقیقی قائدین سے انصاف نہیں ہوا ہے۔ پارٹی کے قائدین کا تحفظ کرنا اور انہیں پارٹی میں برقرار رکھنے کیلئے سرگرم رول نبھانا ہماری ذمہ داری ہے۔ دوسری پارٹیوں سے شامل ہونے والوں کو ہی کمیٹیوں میں زیادہ اہمیت دی گئی ہے۔ مدھوگوڑ یشکی نے کمیٹیوں کی تشکیل میں ملوبٹی وکرامارک کے علاوہ دسرے سینئر قائدین کو اعتماد میں لیئے بغیر من مانی کرنے کا ریونت ریڈی پر الزام عائد کیا۔ن