کانگریس کے سینئر قائد ڈی سرینواس چل بسے

   

آج نظام آباد میں سرکاری اعزازات کے ساتھ آخری رسومات انجام دی جائیں گی
حیدرآباد ۔ 29 جون (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد سابق وزیر ڈی سرینواس چل بسے۔ کچھ وقت سے علیل ڈی سرینواس نے علی الصبح 3:30 بجے آخری سانس لی۔ حکومت نے سرکاری اعزازات کے ساتھ آخری رسومات کا اعلان کیا ہے۔ دونوں تلگو ریاستوں کے چیف منسٹرس ریونت ریڈی اور چندرا بابو نائیڈو، سابق چیف منسٹر کے سی آر کے علاوہ سابق نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو، مرکزی وزراء جی کشن ریڈی، بنڈی سنجے کے علاوہ تلنگانہ و آندھراپردیش کے وزراء کانگریس، بی جے پی، تلگودیشم اور بی آر ایس قائدین نے ڈی سرینواس کے دیہانت پر افسوس کا اظہار کرکے ارکان خاندان کو پرسہ دیا ۔ بنجارہ ہلز میں واقع ان کی قیامگاہ پر خانگی ہاسپٹل سے ڈی سرینواس کی نعش کو منتقل کیا گیا جہاں پر مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین پہنچ کر ان کا آخری دیدار کرکے ارکان خاندان کو پرسہ دیا ہے۔ خاندان کے ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ ڈی سرینواس کی نعش ہفتہ کی شام تک نظام آباد منتقل کی جائیگی جہاں کل اتوار کی دوپہر میں سرکاری اعزازات کے ساتھ آخری رسومات انجام دی جائیں گی۔ آندھراپردیش کانگریس کمیٹی صدر شرمیلا، سابق چیف منسٹر آندھراپردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی و کانگریس قائد محمد علی شبیر و کانگریس قائدین و وزراء نے بنجارہ ہلز پہنچ کر ڈی سرینواس کے ارکان خاندان کو پرسہ دیا۔ 27 ستمبر 1948ء کو پیدا ہوئے ڈی سرینواس این ایس یو آئی، یوتھ کانگریس سے وابستہ ہوئے تین مرتبہ اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے ایک مرتبہ ایم ایل سی اور ایک مرتبہ راجیہ سبھا کیلئے منتخب ہوئے۔ دو مرتبہ صدر پردیش کانگریس کی حیثیت سے ذمہ داری نبھا چکے تھے۔ وزارت میں اہم قلمدانوں کی ذمہ داری سنبھالی۔2