جونپور: کانگریس کے قدآور رہنما اور سابق ایم ایل سی سراج مہدی نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو چاہئے کہ اب نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) سربراہ شرد پوار کو یو پی اے کا صدر بنا دے تاکہ ان کی قیادت میں ملک کی تمام سیکولر پارٹیاں ایک پلیٹ فارم پر آئیں اور موجودہ حکومت کا خاتمہ کرے.. سراج مہدی نے اتوار کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ موجودہ حالات میں کانگریس کو چاہئے کہ وہ شرد پوار کو یو پی اے کا صدر بنا دے۔ اس سے اپوزیشن مضبوط ہوگا اور ان میں اتحاد پیدا ہوگا۔ انہوں کہا کہ شرد پوار کانگریس کے قد آور رہنما رہے ہیں اور انہوں نے پارٹی کےلیے بہت سی خدمات انجام دی ہیں۔سابق ایم ایل سی سراج مہدی نے کورونا ویکسین لگوانے کے سلسلے میں کہا کا حق عوام کا ہونا چاہئے، ٹیکہ کاری کی مہم کے نام پر زور زبردستی نہیں ہونی چاہئے، اس سے ماحول خراب ہوگا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یوگ گرو بابا رام دیو نے یوگا کرنے والوں کے ذہنوں میں یہ بات ڈال دی ہے کہ انھیں ویکسین لگوانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے سائنس دانوں کو ویکسین تیار کرنے پر مبارکباد بھی دی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت ہر سطح پر ناکام ہوتے آ رہی ہے۔ آئے دن خواتین کے ساتھ لوٹ، ریپ جیسے جرائم برھتے ہی جا رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر لٹیروں اور ریپ کرنے والوں کو تحفظ فراہم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ریاست میں خوف کا ماحول پیدا ہوسکتا ہے۔