بنگلورو : کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر ڈی بی۔ انعامدار کا منگل کو شہر کے ایک خانگی ہاسپٹل میں علالت کے باعث دیہانت ہوگیا۔ بیلگاوی ضلع کے کتور میں کانگریس کے پرجادھونی پروگرام کے انعقاد کے بعد انعامدار (77) کو صحت کی خرابی کے سبب منی پال ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا تھا۔ انہوں نے کئی بار کتور اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کی اور کانگریس حکومت میں وزیر بھی رہے ۔ انعامدار آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے کتور سیٹ سے ٹکٹ کے دعویدار تھے ۔ تاہم پارٹی نے آخری وقت میں انہیں ٹکٹ دینے سے انکار کر دیاتھا۔ کانگریس کے سینئر لیڈر انعامدار نے نو میں سے پانچ انتخابات میں حصہ لیا، جن میں سے انہوں نے 1983 اور 1985 میں دو بار جنتا دل سیکولر (جے ڈی ایس) کے ٹکٹ پر اور تین بار 1994، 1999 اور 2013 میں کانگریس کے ٹکٹ پر جیت حاصل کی۔ وزیراعلیٰ بسواراج بومئی نے انعامدار کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ خدا ان کے حامیوں اور خاندان کو یہ دکھ برداشت کرنے کی طاقت دے ۔