کانگریس کے ضلعی صدور اور قائدین کو انتخابات میں بہتر کام کا مشورہ

   

شیخ عبداللہ سہیل صدر تلنگانہ کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کی پارٹی کے قومی قائدین سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل نے دہلی میں اپنے چار روزہ قیام کے دوران ، احمد پٹیل ، ڈگ وجئے سنگھ ، آر سی کنٹیا اور ندیم جاوید کے علاوہ دوسرے قائدین سے ملاقات کی۔ اسٹیٹ اقلیت ڈپارٹمنٹ کی از سر نو تشکیل کے علاوہ دوسرے مسائل و امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ اسمبلی انتخابات کے بعد تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ اور اضلاع کمیٹیوں کو تحلیل کردینے والے شیخ عبداللہ سہیل نے دہلی میں صدر آل انڈیا کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ ندیم جاوید سے ملاقات کی ۔ تلنگانہ کی تازہ سیاسی صورتحال انتخابی نتائج پر تبادلہ خیال کیا ۔ لوک سبھا انتخابات کے لیے مستقبل کی حکمت عملی پر بھی غور و خوض کیا گیا ۔ ساتھ ہی تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیتی کمیٹی اور اضلاع صدور کے انتخاب اور تنظیمی سطح پر پارٹی کو مستحکم کرنے کے لیے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا ۔ ندیم جاوید نے شیخ عبداللہ سہیل کو اسٹیٹ کمیٹی اور اضلاع صدور کے انتخاب میں کافی سنجیدگی سے کام کرنے سینئیر قائدین کے تجربہ سے استفادہ کرتے ہوئے نوجوان قائدین کی حوصلہ افزائی کرنے شہروں اور اضلاع میں طاقتور اور متوازن ٹیم تیار کرنے کا مشورہ دیا ۔ اس کے علاوہ شیخ عبداللہ سہیل نے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سابق جنرل سکریٹری و سابق انچارج تلنگانہ کانگریس امور ڈگ وجئے سنگھ سے بھی ملاقات کی ۔ مدھیہ پردیش میں کانگریس کی کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کا صدر نامزد ہونے پر شیخ عبداللہ سہیل کو مبارکباد دیتے ہوئے پارٹی کے استحکام کے لیے دن رات کام کرنے اور پارٹی کے وفادار سپاہیوں کی فوج تیار کرنے کا مشورہ دیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ نے کانگریس کے سینئیر قائد احمد پٹیل سے بھی تفصیلی بات چیت کی ۔ احمد پٹیل نے تلنگانہ انتخابی نتائج پر تبادلہ خیال کیا اور اسمبلی انتخابات کی شکست کو بھول کر لوک سبھا کے انتخابات کی تیاریاں کرنے پر زور دیا ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے اے آئی سی سی سکریٹری و انچارج تلنگانہ کانگریس امور آر سی کنٹیا سے بھی ملاقات کی ۔ اس موقع پر ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ملو بٹی وکرامارک کے علاوہ دوسرے قائدین بھی موجود تھے ۔ ان سے بھی تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کی از سر نو تشکیل پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔ شیخ عبداللہ سہیل سے جب دہلی دورے کے بارے میں بات چیت کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ ان کا دورہ دہلی ہر لحاظ سے کامیاب رہا ہے ۔ نئی کمیٹی کی تشکیل کے ساتھ وہ کئی امور پر پارٹی کے سینئیر قائدین سے تبادلہ خیال کرچکے ہیں ۔ پارٹی قائدین سے انہیں جو بھی مشورے اور ہدایتیں وصول ہوئے ہیں اس پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے روبہ عمل لائیں گے ۔۔