گجرات کے ضلع بھڑوچ میں آج تدفین، صدر جمہوریہ، نائب صدر، وزیراعظم کا خراج
نئی دہلی: کانگریس کے سینئر رہنما احمد پٹیل کا آج چہارشنبہ کی صبح ساڑھے تین بجے دہلی میں انتقال ہوگیا۔فیصل نے لکھا،‘‘ایک ساتھ کئی اعضا نے کام کرنا بند کردیا تھا جس کی وجہ سے ان کا انتقال ہوگیا۔اپنے سبھی چاہنے والوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اس وقت کورونا وائرس کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں اور سماجی دوری کے سلسلے میں پرعزم رہیں اور کسی بھی اجتماعی انعقاد میں جانے سے بچیں۔’’71 سالہ پٹیل ایک مہینے پہلے کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔ انہیں 15 نومبر کو میدانتا ہاسپٹل کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا تھا۔ احمد پٹیل کی تدفین کل جمعرات کے روز ان کے آبائی موضع گجرات کے ضلع بھڑوچ میں عمل میں آئے گی ۔ مسٹر پٹیل کی خواہش کے مطابق ان کے جسد خاکی کو آبائی وطن میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے بیٹے فیصل پٹیل کو خواہش ظاہر کی تھی کہ انہیں ان کے والدین کی قبر کے ساتھ ہی دفن کیا جائے۔ صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند، نائب صدرجمہوریہ وینکیا نائیڈو، وزیراعظم نریندر مودی، مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا اور صدر کانگریس سونیا گاندھی کے بشمول کئی قائدین نے اپنے رنج و غم کا اظہار کیا۔ کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ احمدپٹیل کانگریس کے ستون تھے۔ انہوں نے کانگریس میں ہی سانس لی اور پارٹی کے بحران کے وقت پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ احمد جی انتہائی عقلمند اور تجربہ کار لیڈر تھے۔ میں ان سے ہمیشہ تبادلہ خیال کرتی اور مشورہ لیا کرتی تھی۔ ان کا انتقال کانگریس کا بہت بڑا نقصان ہے۔