کانگریس کے مضبوط امیدواروں کو مقابلہ سے ہٹانے کی سازش

   

خازن پردیش کانگریس نارائن ریڈی کا الزام، بلدیات میں کانگریس کا موقف مستحکم

حیدرآباد۔/11 جنوری، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے خازن جی نارائن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس کی جانب سے بلدی انتخابات میں کانگریس کے مضبوط امیدواروں کو مقابلہ سے ہٹانے کی سازش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات میں کانگریس کے مستحکم موقف سے برسراقتدار پارٹی بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور کانگریس کے مضبوط امیدواروں کو مختلف انداز میں لالچ یا دھمکی دے کر مقابلہ سے دور رکھنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اپوزیشن جماعتوں کو کمزور کرنے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھا رہے ہیں۔ گزشتہ 6 برسوں میں ٹی آر ایس دور حکومت میں عوام کو مایوسی ہوئی ہے۔ ٹی آر ایس حکومت نے بار بار دستور کی خلاف ورزی کی ہے۔ کانگریس کے منتخب عوامی نمائندوں کو خریدا گیا اور اسمبلی میں اکثریت میں اضافہ کی کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی کو انحراف کیلئے اُکسانا غیر جمہوری اور غیر دستوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی میعاد میں اپوزیشن کے 25 ارکان اسمبلی وکونسل کو انحراف کیلئے اُکسایا گیا جبکہ دوسری میعاد کے آغاز پر کانگریس کو اہم اپوزیشن کے موقف سے محروم کرنے کیلئے 12 ارکان اسمبلی کو انحراف کیلئے مجبور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکنوں میں بلدی انتخابات میں کامیابی کیلئے کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے اور وہ بہتر نتائج کے ذریعہ ٹی آر ایس کو جواب دینا چاہتے ہیں۔ نارائن ریڈی نے دعویٰ کیا کہ وارڈز اور ڈیویژنس کی اکثریت پر کانگریس پارٹی کا پرچم لہرائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور جمہوری اصولوں پر کاربند امیدوار کو عوام کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ جمہوری و دستوری اقدار کو پامال کرنے والی ٹی آر ایس حکومت کو عوام سبق سکھائیں گے۔