ریونت ریڈی کی عوام سے اپیل، کے سی آر پر الیکشن ، سلیکشن اور کلکشن پر عمل کرنے کا الزام، تین اسمبلی حلقہ جات میں عام جلسوں سے خطاب
حیدرآباد ۔24۔نومبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ کانگریس سے انحراف کرنے والے 12 ارکان اسمبلی کو دوبارہ اسمبلی گیٹ میں داخل ہونے نہ دیں۔ ریونت ریڈی نے آج کانگریس کی انتخابی مہم کے تحت نکریکل ، آلیر اور تنگا ترتی میں کانگریس امیدواروں کے انتخابی جلسوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ وقت آچکا ہے کہ کے سی آر کی بدعنوان حکومت کو بے دخل کرتے ہوئے تلنگانہ میں اندراماں راج قائم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کرنے کے بعد 12 ارکان اسمبلی نے انحراف کرتے ہوئے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ کے سی آر نے انہیں دوبارہ ٹکٹ دیا ہے لیکن میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ انحراف کرنے والوں کو اسمبلی کی گیٹ میں داخل ہونے نہ دیں اور بدترین شکست سے دوچار کریں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے 10 برسوں کے دوران کرپشن کا غیر معمولی ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ بی آر ایس کی کرپٹ حکومت کو اقتدار میں برقراری کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کیلئے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے عہدوں کی قربانی دی اور تلنگانہ کے قیام تک کوئی عہدہ قبول نہیں کیا۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر الیکشن ، سلیکشن اور کلکشن کی پالیسی پر عمل پیرا رہے اور تلنگانہ ریاست سے صرف ان کے خاندان کو فائدہ پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ شہیدان تلنگانہ کے پسماندگان اور تلنگانہ جہد کاروں کے ساتھ کے سی آر نے دھوکہ کیا ہے ۔ ریاست کو قرض میں ڈبونے کا الزام عائد کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ 60 برسوں میں 16 چیف منسٹرس نے 69 ہزار کروڑ کا قرض حاصل کیا تھا لیکن 10 برسوں میں کے سی آر نے 6 لاکھ کروڑ کا قرض حاصل کیا ہے۔ عوام کو چوروں اور لٹیروں کے بارے میں فیصلہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ نلگنڈہ ضلع کی 12 اسمبلی نشستوں پر کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ 9 ڈسمبر کو کے سی آر حکومت کا خاتمہ ہوگا اور کانگریس حکومت برسر اقتدار آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ آندھرائی کنٹراکٹرس کے ذریعہ آبپاشی پراجکٹس کے کام مکمل کرائے گئے تاکہ بھاری کمیشن حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ 9 ڈسمبر کے بعد کے سی آر کا جیل جانا طئے ہے۔ جلسہ عام سے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور دیگر قائدین نے خطاب کیا۔