تلنگانہ جیسے ترقیاتی کام کانگریس اور بی جے پی اقتدار میں نہیں ہوسکتے ، ملگ میں جلسہ عام سے کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے کانگریس قائدین کے گمراہ کن پروپگنڈہ پر بھروسہ کرتے ہوئے دھوکہ دہی کا شکار نہ ہونے کا تلنگانہ کے عوام کو مشورہ دیا ۔ ملگ میں مختلف ترقیاتی کاموں میں حصہ لینے کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ملک اور ریاست پر 60 سال تک حکمرانی کی ہے مگر ترقیاتی ، فلاحی کام انجام دینے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے 9 سال میں کانگریس کے 60 سالہ دور حکومت سے زیادہ ترقیاتی و فلاحی کام انجام دیا ہے ۔ جس سے ملک کے عوام متاثر ہیں اور تلنگانہ ماڈل کو ملک میں رائج کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ ضلع ملگ میں اپوزیشن پارٹی کے ارکان اسمبلی ہونے کے باوجود ضلع کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے کے سی آر حکومت بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے ۔ ریاست میں مجوزہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کانگریس اور بی جے پی کے قائدین سرگرم ہوگئے ہیں ۔ بی آر ایس حکومت کے خلاف گمراہ کن مہم چلاتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں دونوں جماعتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے دھوکہ نہ کھائیں بلکہ کانگریس اور بی جے پی کی زیر قیادت ریاستی حکومتوں کا اور تلنگانہ کی بی آر ایس حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیں ۔ ترقیاتی اقدامات ، فلاحی اسکیمات کا تقابل کریں پھر ووٹ کس کو دینا ہے فیصلہ کریں ۔ تلنگانہ کی ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات ملک کے لیے رول ماڈل میں تبدیل ہوگئی ہیں ۔ مرکزی حکومت کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستیں ان اسکیمات کی تقلید کررہی ہیں ۔ تلنگانہ میں 24 گھنٹے زرعی شعبہ کو مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ کالیشورم کے علاوہ دوسرے بڑے آبپاشی پراجکٹس تعمیر کئے گئے ہیں ۔ ریتو بندھو ، ریتو بیمہ اسکیمات متعارف کرائی گئی ہیں ۔ غریب لڑکیوں کی شادیوں کے لیے شادی مبارک ، کلیان لکشمی اسکیمات سے فائدہ پہونچایا جارہا ہے ۔ حکومت کی فلاحی اسکیمات سے سماج کا ہر طبقہ فائدہ اٹھا رہا ہے ۔ تلنگانہ حکومت کی کارکردگی اطمینان بخش ہے ۔ اگر غلطی سے بھی کانگریس پر بھروسہ کیا گیا تو تلنگانہ ریاست ہر لحاظ سے 60 سال پیچھے ہوجائے گی ۔ غریب عوام کی فلاح و بہبود پر توجہ دینے والے چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔۔ ن