کانگریس کے پاس لیڈر نہیں بی جے پی کے پاس کیڈر نہیں: ہریش راؤ

   

بی آر ایس تیسری مرتبہ کامیاب ہوگی۔ ایک ہی دن میں 10 ہزار کارکنوں میں امدادی چیکس تقسیم

حیدرآباد۔/19 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر فینانس و صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس کے پاس مقابلہ کرنے کیلئے لیڈر نہیں ہے اور ووٹ ڈالنے کیلئے بی جے پی کے پاس کیڈر نہیں ہے۔ بی آر ایس پارٹی ریاست میں مسلسل تیسری مرتبہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ بی آر ایس حکومت میں ہی اقلیتوں کے سنہرے دور کا آغاز ہوا۔ چیف منسٹر کے سی آر 23 اگسٹ کو میدک کا دورہ کررہے ہیںجہاں وہ کلکٹریٹ، ایس پی آفس اور بی آر ایس پارٹی آفس کا افتتاح کرنے کے بعد جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ چیف منسٹر کے پروگرامس کی تیاری کا جائزہ لینے کے بعد ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر یس حکومت کی کارکردگی سے عوام پوری طرح مطمئن ہیں۔ بی آر ایس بھاری اکثریت کے ساتھ حکومت تشکیل دے گی اور کے سی آر ہیٹ ٹرک چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ وزیر ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں ہی اقلیتوں کی حقیقی طور پر ترقی ہوئی ہے۔ اقلیتوں کی تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے ریاست میں 204 اقلیتی اقامتی اسکولس قائم کئے گئے ہیں۔ اقلیتی بجٹ میں ہر سال مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے۔ آج ایک ہی دن میں ریاست بھر میں 10 ہزار اقلیتوں میں صد فیصد امدادی اسکیم کے چیکس تقسیم کئے گئے ہیں۔ کانگریس اور تلگودیشم نے اقلیتوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کو نظرانداز کرتے ہوئے انہیں صرف ووٹ بینک کی طرح استعمال کیا ہے۔ بی آر ایس حکومت اقلیتوں کی تعلیمی، معاشی اور سماجی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر عملی اقدامات کررہی ہے۔ یہی نہیں بیرونی ممالک کی یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے ہزاروں اقلیتی طلبہ کو اوورسیز اسکالر شپس جاری کی گئی ہے۔ بی آر ایس حکومت نے 9 سال کے دوران اقلیتوں کی فلاح و بہبود پر 10 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں۔ عیدین اور تہواروں کو سرکاری طور پر منایا جارہا ہے۔ اس طرح کی روایت ملک کی کسی بھی ریاست میں نہیں ہے۔ن