کانگریس کے پرجاپتی نئے مدھیہ پردیش اسمبلی اسپیکر

   

بی جے پی غیرمطمئن ، اپوزیشن کو اُمیدوار ی کا موقع نہیں دیا گیا
بھوپال ۔8 جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے رکن اسمبلی این پی پرجاپتی کو آج پندرھویں مدھیہ پردیش قانون ساز اسمبلی کا اسپیکر منتخب کرلیاگیا جبکہ بی جے پی ارکان نے احتجاجاً واک آؤٹ کیااور اُن کی غیرحاضری میں نئے اسپیکر کا انتخاب عمل میں آیا ۔ بی جے پی چاہتی تھی کہ پروٹیم اسپیکر اپوزیشن پارٹی کے تجویز کردہ اُمیدوار کو دستوری عہدہ کیلئے مسابقت کرنے کا موقع دے لیکن عبوری اسپیکر نے انکار کردیا ۔ سابق چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے اس تبدیلی کو جمہوریت کے لئے سیاہ دن قرار دیا ۔ جب ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو بی جے پی نے اپنی طرف سے وجئے شاہ کو اسپیکر کے لئے امیدوار بنانا چاہا جسے دیپک سکسینہ نے مسترد کردیا ۔ بعد میں بی جے پی ارکان کی غیرموجودگی میں پرجا پتی کی نامزدگی ہوئی ۔