ملک کی معیشت‘بے روزگاری اور دیگر امور پر تبادلہ خیال متوقع
رائے پور :کانگریس کے سینئر قائد جے رام رمیش نے کانگریس کے 85ویں پلینری اجلاس سے متعلق کہا کہ کل صبح دس بجے کانگریس کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں یہ طے کیا جائے گا کہ آیا کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ارکان کا انتخاب ہونا ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’کانگریس ہندوستان کی واحد سیاسی پارٹی ہے جس میں جمہوریت ہے اور انتخابات ہوتے ہیں۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ شام کو تمام چھ موضاعات پر سبجیکٹ کمیٹی کے اجلاس میں تبادلہ خیال ہوگا۔اجلاس میں ملک کی معیشت‘ نوجوانوں اور بے روزگاری کے بشمول مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی پلینری اجلاس سے خطاب کریں گے۔جے رام رمیش نے کہا کہ کانگریس کے خلاف جو مودی حکومت کارروائی کرا رہی ہے اس کی وجہ کانگریس کے ذریعہ اڈانی کے تعلق سے سوال کا پوچھا جانا ہے۔ مودی حکومت کے دور میں صرف ایک سرمایہ دار کو فائدہ پہنچایا گیا ہے جس کی وجہ سے راہول گاندھی نے بھی پارلیمنٹ میں اپنے خطاب کے دوران یہ مسئلہ اٹھایا جس کو پارلیمنٹ کی کارروائی سے خارج کر دیا گیا۔ گزشتہ 15 دنوں میں کانگریس نے 45 سوالات حکومت سے پوچھے ہیں اور وہ پیر کے بعد دوبارہ پوچھتے رہیں گے۔ کانگریس کی 2024 کے لئے کیا حکمت عملی سے متعلق سوالوں کا جواب دیتے ہوئے جے رام رمیش نے کہا کہ اس اجلاس میں بہت سے موضوعات پر بحث ہوگی اور جو طے کیا جائے گا وہ آ خری دن قرارداد کی شکل میں سب کے سامنے آ جائے گا۔ پارٹی کے 15ہزار مندوبین اجلاس میں شرکت کریں گے۔جنرل سکریٹری (آرگنائزیشن ) کے سی وینو گوپال نے بتا یا کہ اجلاس کا تھیم ہاتھ سے ہاتھ جوڑو ہوگا۔