کانگریس کے چار ایم ایل ایز اسمبلی میں حاضر، بی جے پی میں شمولیت کی تردید

   

بنگالورو 13فروری (سیاست ڈاٹ کام )پارٹی وہپ کی خلا ف ورزی سی ایل پی اجلاس اور سیشن میں شرکت نہ کرنے پر نااہلی کا سامنا کرنے والے کانگریس کے تمام 4ارکان اسمبلی آج ایوان میں حاضر ہوئے اور پارٹی کی ہدایت پر عمل کیا۔ کانگریس کے 4ارکان اسمبلی بشمول سابق وزیر رمیش جرکی ہولی اور دیگر 3ارکان اسمبلی جو ممبئی میں قیام کئے ہوئے تھے ’ نے ایوان کی کارروائی میں حصہ لیااور اسمبلی میں دن بھر کی کارروائی میں شریک رہے ۔دیگر 3ارکان اسمبلی جو ایوان کی رکنیت سے نااہلی کا سامنا کررہے ہیں ان میں نیندرا ’ اومیش جادھواور اومیش کوماٹلی شامل ہیں۔ یہ تمام ارکان اسمبلی کانگریس مقننہ پارٹی کے اجلاس کے ساتھ ساتھ اسمبلی کے پہلے چار دنوں کی کارروائی سے غیر حاضر تھے حالانکہ پارٹی نے تمام ارکان اسمبلی کو وہپ جاری کرتے ہوئے ایوان میں حاضر رہنے کی ہدایت دی تھی۔ سابق وزیراعلی و سی ایل پی لیڈر سدارامیا نے 82صفحات پر مشتمل درخواست کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر کو پیش کی۔ قانون انسدادِ انحراف کے تحت ان کو نااہل قرار دینے کی سفارش کی گئی کیوں کہ ان ارکان اسمبلی نے وہپ کی خلاف ورزی کی۔ اس نااہلی پر اسپیکر غورکررہے ہیں۔ دوسرے رکن اسمبلی جے این گنیش جن کا تعلق کمپلی سے ہے ’ کو پولیس نے کانگریس کے ایک اور رکن اسمبلی پر حملے کے الزامات پر گرفتار کرلیا ہے ’ ایوان سے غیر حاضر رہے ۔ گنیش ریزارٹ میں کانگریس کے رکن اسمبلی آنند سنگھ پر حملہ کے بعد جنوری سے مفرور ہیں۔اقدام قتل ’ دھمکانے اور دیگر سنگین الزامات ان پر لگائے گئے ہیں ۔ پولیس نے لاپتہ رکن اسمبلی کو تلاش کرنے کے لئے تین ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ ان چاروں ارکان اسمبلی نے میڈیا سے علحدہ علحدہ طورپر بات کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ کانگریس پارٹی کے ساتھ ہیں اور اسمبلی سیشن و سی ایل پی کے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکے کیونکہ وہ شخصی کام کے سلسلہ میں شہر سے باہر ممبئی میں تھے ۔سابق وزیر جرکی ہولی نے کہا‘‘میں کبھی بھی مخالف پارٹی سرگرمیوں میں ملوث نہیں رہا ہوں اور میں نے یہ کبھی نہیں کہا ہے کہ میں کانگریس پارٹی کو چھوڑ رہا ہوں۔میں خاندان کے بعض اہم مسئلہ کے لئے ممبئی میں تھا کیونکہ میری بیٹی کی شادی 24اپریل کو طئے پائی ہے ۔چونکہ ممبئی میں میرے خاندان کے کئی دوست ہیں اور میں وقفہ وقفہ سے وہاں جاتا ہوں اور درحقیقت آج شام بھی میں ممبئی جارہا ہوں ’’۔