بھٹی وکرامارکا اور مدھو یاشکی گوڑ کی شرکت، میٹرو ٹرین اور دیگر پراجکٹس کانگریس کا کارنامہ
حیدرآباد۔/25 جولائی، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے تلنگانہ میں برسراقتدار آنے پر زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہی کی اسکیم پر عمل آوری کا وعدہ کیا ہے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی جانب سے مفت برقی کی سربراہی کی فائیل پر دستخط کو عوام کیلئے جاری کیا۔ ’’سیلفی وِتھ فری پاور سگنیچر‘‘ پروگرام کا مقصد عوام بالخصوص کسانوں کو کانگریس کی اسکیمات سے واقف کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عادل آباد سے کھمم تک پدیاترا کے دوران عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کی گئی۔ مفت برقی کی سربراہی کے فیصلہ میں بھٹی وکرامارکا کا بھی اہم رول رہا۔ تشکیل تلنگانہ کے وقت ریاست 16000 کروڑ سرپلس بجٹ کی ریاست تھی جسے کے سی آر نے مقروض ریاست میں تبدیل کردیا ہے۔ راہول گاندھی نے ورنگل ڈیکلریشن میں زرعی شعبہ کو مفت ترقی کی سربراہی کا اعلان کیا جو کانگریس کی پالیسی ہے۔ کے سی آر نے کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر کے ذریعہ بھاری کمیشن حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کے سی آر خاندان پر بھروسہ نہیں کریں گے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ ’سیلفی وِتھ کانگریس ڈیولپمنٹ ‘ پروگرام کے تحت 10 سالہ کانگریس دور حکومت کے کارناموں کو عوام میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 1999 میں کانگریس نے انتخابی منشور میں مفت برقی سربراہی کا وعدہ کیا تھا۔ کانگریس کے انتخابی منشور کو بھی عوام میں پیش کیا جائے گا۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ مفت برقی کی سربراہی دراصل کانگریس کی دین ہے۔ کے سی آر حکومت بمشکل 8 گھنٹے زرعی شعبہ کو برقی سربراہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میٹرو ریل کانگریس کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے میٹرو ریل کرایوں میں اضافہ کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ آوٹر رنگ روڈ، انٹر نیشنل ایر پورٹ، بی ایچ ای ایل، بی سی ایل، پانی کی سربراہی اور دیگر اسکیمات کو عوام میں کانگریس کے کارناموں کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ کانگریس کارکن اپنے واٹس ایپ پر ڈی پی کے ذریعہ کانگریس کے کارناموں کو عوام میں پیش کریں گے۔