کانگریس کے کسی بھی اجلاس میں شرکت نہ کرنے جگا ریڈی کا اعلان

   

حضورآباد میں کے سی آر بمقابلہ راجندر الیکشن، سابق مرکزی وزیر رینوکا چودھری کا ردعمل
حیدرآباد۔/3نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کی پولٹیکل افیرس کمیٹی کے اجلاس کے دوران کئی سینئر قائدین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نتائج کے بارے میں ردِ عمل ظاہر کیا ہے۔ اجلاس کے دوران واپس ہونے والے سابق اپوزیشن لیڈر کے جانا ریڈی سے جب پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہر اجلاس میں میں شریک نہیں ہوتا۔ جہاں میری ضرورت ہے میں شرکت کرتا ہوں۔ آج کے اجلاس میں شرکت ہوگئی اور میں جارہا ہوں۔ میڈیا کے مزید سوالات پر جانا ریڈی نے تلنگانہ عوام کو دیپاولی کی مبارکباد پیش کی۔ سابق مرکزی وزیر رینوکا چودھری نے کہا کہ حضورآباد میں ایٹالہ راجندر کی شخصی کامیابی ہے اسے بی جے پی کی کامیابی نہیں کہا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اصل مقابلہ کے سی آر اور راجندر کے درمیان تھا اور عوام نے راجندر سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ راجندر کے بی جے پی میں شمولیت سے پارٹی کو فائدہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے مظاہرہ کے بارے میں قائدین کی رائے مختلف ہے اور اس مسئلہ پر تفصیلی غور و خوض کی ضرورت ہے۔ کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے پھر ایک مرتبہ قیادت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ 2023 الیکشن تک پارٹی کے اُمور سے دوری اختیار کررہے ہیں اور آج ان کا آخری اجلاس ہے۔ وہ اپنے حلقہ سنگاریڈی پر توجہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سنگاریڈی میں ان کی کامیابی کوئی مشکل نہیں ہے جبکہ حضورآباد میں پارٹی کے کئی اسٹار قائدین کے مہم میں حصہ لینے کے باوجود ووٹ حاصل نہیں ہوئے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ وہ حقیقت بیانی کیلئے مشہور ہیں لیکن پارٹی میں اس کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مانکیم ٹیگور کا تعلق تلنگانہ سے نہیں ہے لہذا وہ بنیادی حقائق سے واقف نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضورآباد کی شکست کا پارٹی کو جائزہ لینا چاہیئے۔ر