ممبئی، 8 جنوری (یو این آئی) امبرناتھ میں ایک بڑے سیاسی بحران کے تحت میونسپل کارپوریشن کے نو منتخب 12 کانگریس کارپوریٹروں نے جمعرات کے روز باضابطہ طور پر بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی، جس سے کانگریس کو شدید سیاسی دھچکا پہنچا اور بلدیاتی ادارے کا سیاسی توازن یکسر تبدیل ہو گیا۔ یہ شمولیت بی جے پی کے نوی ممبئی علاقائی دفتر میں منعقدہ ایک خصوصی پروگرام کے دوران عمل میں آئی، جس میں ریاستی وزرا گنیش نائک، سنجیو نائک اور دیپیش مہاترے موجود تھے ، جب کہ بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان نے پروگرام کی صدارت کی۔ بی جے پی میں شامل ہونے والے کانگریس کارپوریٹروں میں پردیپ نانا پاٹل، درشنا اومیش پاٹل، ارچنا چرن پاٹل، ہرشدا پنکج پاٹل، تیجسوینی ملند پاٹل، وپل پردیپ پاٹل، منیش مہاترے ، دھن لکشمی جے شنکری، سنجیوانی راہل دیودے ، دنیش گائیکواڑ، کرن بدریناتھ راٹھوڑ اور کبیر نریش گائیکواڑ شامل ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے چند ہفتوں بعد ہونے والی اس بغاوت نے 59 رکنی میونسپل کونسل میں کانگریس کی موجودگی کو تقریباً ختم کر دیا ہے اور مقامی سطح پر پارٹی کی تنظیمی گرفت اور نظم و ضبط پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
