کانگریس کے 25 امیدواروں کے ناموں کو قطعیت، پردیش الیکشن کمیٹی کا اجلاس

   

ریونت ریڈی، بھٹی وکرامارکا، محمد علی شبیر، اتم کمار ریڈی، وینکٹ ریڈی شامل، آج سے اسکریننگ کمیٹی کا اجلاس
حیدرآباد/3ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے تلنگانہ انتخابات کیلئے امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دینے کا عمل تیز کردیا ہے۔ پردیش الیکشن کمیٹی کا اجلاس آج صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں 119 اسمبلی حلقہ جات کیلئے داخل 1000 سے زائد درخواستوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس نے تقریباً 25 اسمبلی حلقوں کیلئے سنگل ناموں کی منظوری دیدی ہے جبکہ باقی حلقہ جات کیلئے تین یا اس سے زائد نام تجویز کئے گئے جن میں اہل امیدوار کا انتخاب اسکریننگ کمیٹی کے سپردکیا گیا ہے۔ اجلاس میں ارکان نے تحریری سفارشات پیش کرنے کی بجائے اسکریننگ کمیٹی سے ملاقات کے وقت رپورٹ پیش کرنے کو ترجیح دی ہے۔ ذرائع کے مطابق جن حلقوں سے صرف ایک نام طئے کیا گیا ان میں ریونت ریڈی (کوڑنگل )، بھٹی وکرامارکا (مدھیرا ) ، محمد علی شبیر (کاماریڈی) ، سدرشن ریڈی ( بودھن )، جیون ریڈی ( جگتیال )، سریدھر بابو (منتھنی)، جگا ریڈی (سنگاریڈی )، اتم کمار ریڈی ( حضور نگر ) ، پدما وتی ریڈی ( کوداڑ ) ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ( نلگنڈہ )، پی سرینواس ریڈی ( کھمم ) کے علاوہ ارکان اسمبلی سیتکا، ٹی ویریا کے ناموں کو بھی منظوری دی گئی ۔ ناگرجنا ساگر حلقہ سے سابق سی ایل پی لیڈر جانا ریڈی کے دو فرزندان کے نام تجویز کئے گئے جن میں ایک کا انتخاب کیا جائے گا۔ اسی دوران صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ امیدواروں کی فہرست پر افواہوں کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پردیش الیکشن کمیٹی کی منظورہ فہرست سربمہر لفافہ میں اسکریننگ کمیٹی کو سونپیجائے گی۔ اسکریننگ کمیٹی کا اجلاس کل 4 ستمبر سے حیدرآباد میں شروع ہوگا اور تین دن اسکریننگ کمیٹی کے ارکان سینئر قائدین سے مشاورت کریں گے۔ پیر کو صدر پردیش کانگریس، سی ایل پی لیڈر، ارکان اسمبلی سے مشاورت کی جائے گی۔ الیکشن کمیٹی کے قائدین سے اسکریننگ کمیٹی انفرادی ملاقات کرے گی۔ 6 ستمبر کو اسکریننگ کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوگا جس میں ناموں کو قطعیت دے کر سنٹرل الیکشن کمیٹی کو روانہ کیا جائیگا۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ پہلی فہرست کی اجرائی جلد عمل میں آئیگی۔ اس کی مساعی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل الیکشن کمیٹی سے جاری کی جانے والی فہرست قطعی ہوگی۔ امیدواروں کا انتخاب مکمل شفافیت کی بنیاد پر ہوگا۔ بی سی طبقات کو مناسب نمائندگی دی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف کے تحت تمام طبقات کی نمائندگی شامل رہے گی اور درخواست گذاروں کو افواہوں کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ الیکشن کمیٹی کے اجلاس میں وی ہنمنت راؤ، مہیش کمار گوڑ، محمد اظہر الدین، اتم کمار ریڈی، پونالہ لکشمیا، جانا ریڈی، محمد علی شبیر، ومشی چند ریڈی، انجن کمار یادو، پی سرینواس ریڈی، شیوا سینا ریڈی، بی وینکٹ، بلرام نائیک، وسنت کمار و دیگر نے شرکت کی۔ اس دوران اسکریننگ کمیٹی صدرنشین مرلیدھرن اور ارکان جگنیش میوانی و بابا صدیقی کل سے حیدرآباد میں سینئر قائدین سے مشاورت کا آغاز کرینگے اور 6 ستمبر کو فہرست کو قطعیت دی جائے گی۔