چیف منسٹر سیکولر قائد ، بالکنڈہ میں اقلیتی قائدین کا اجلاس ، وزیرداخلہ محمد محمود علی کا خطاب
نظام آباد۔3 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی بالکنڈہ بی آرایس پارٹی کا اقلیتی اجلاس اے این جی گارڈن فنکشن ہال لکھورا میں منعقد ہوا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے محمود علی وزیر داخلہ تلنگانہ اور ویمولہ پرشانت ریڈی ریاستی وزیر عمارت و شوارع، کے آر سریش ریڈی رکن راجیہ سبھا، امتیاز اسحاق میناریٹی فینانس کارپوریشن چیرمین نے شرکت کی۔ اس پروگرام کا آغازحافظ محسن خطیب و امام مسجد قباء کی تلاوت کلام پاک سے ہوااور پروگرام کی کارروائی محمد عبدالمعز ضلع پریشد کوآپشن ممبر نے چلائی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محمد محمود علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے 70 سالہ دور میں مسلمانوں نے کوئی ترقی نہیں کی اور نہ کانگریس نے مسلمانوں کے بارے میں ٹھوس اقدامات کئے لیکن تشکیل تلنگانہ کے بعد میں منصوبہ بند طریقہ سے چیف منسٹر کے سی آر مسلمانوں کیلئے ہمہ جہت ترقی کی طرف گامزن رہے ہیں ، تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے204 اقلیتی اقامتی اسکول اور کالجس قائم کئے جس کی ملک میں کوئی نظیر نہیں ملتی علاوہ اس کے اگر کوئی ملک میں سیکولر قائد ہے تو وہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ہیں۔ انہوں نے حلقہ اسمبلی بالکنڈہ کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ ویمولہ پرشانت ریڈی کا ساتھ دیں وہ سیکولر قائد اور کے سی آر کے دست راست ہیں اور حلقہ اسمبلی کے ضامن ہیں۔ اس موقع پر ریاستی وزیر عمارت و شوارع مسٹر ویمولہ پرشانت ریڈی نے سیکولر کردار کی کئی مثالیں پیش کیں اور ان کے والد آنجہانی ویمولہ سریندر ریڈی کے بارے میں بتایا کہ ان کے دور میں جب ویلپور کے سرپنچ کے انتخاب کے موقع پر ایک مسلمان وارڈ ممبر رہنے کے باوجود واحد صاحب کو نائب سرپنچ منتخب کرتے ہوئے سیکولرازم اور مسلمانوں سے ہمدردی کا ثبوت دیا انہوں نے کہا کہ اُن کے فرزند ویمولہ پرشانت ریڈی بھی اُن کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں سے کہا کہ کے سی آر بہت سیکولر ذہن کے انسان ہیں وہ اقلیتوں سے بہت پیار کرتے ہیں اُنھیں ہمیشہ مسلمانوں کو اوپر اُٹھانے کی فکر رہتی ہے اور مختلف اسکیمات روبہ عمل لارہے ہیں انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کیلئے اس سے پہلے بھی تقریباً 4 کروڑ سے زائدفنڈ کے ذریعہ مختلف مقامات پر عیدگاہوں اور قبرستانوں کیلئے ترقیاتی کام کئے گئے تھے اب 3 کروڑ سے زائد رقم کے ذریعہ مزید فنڈ منظور کرواتے ہوئے تمام منڈل کے صدور کے حوالے کئے گئے۔ انہوں نے علماء، حفاظ اور مسلمانوں سے دعا کی اپیل کی اور آئندہ انتخابات میں ساتھ دینے کی اپیل کی۔ اس موقع پر سریش ریڈی رکن راجیہ سبھا اور ڈاکٹر مدھو شیکھر میڈیکل بورڈ چیرمین اور نوید اقبال صدر ضلع اقلیتی سیل، محمد علی امیر اہلحدیث اور منظور محی الدین جماعت اسلامی نے بھی خطاب کیا۔ اس جلسہ میں حلقہ اسمبلی بالکنڈہ کے علماء، حفاظ، قائدین، سماجی، سیاسی رہنماؤں کی کثیر تعداد شریک تھے۔ حافظ ریاض احمد کی دعاء پر اس جلسہ کا اختتام ہوا۔