کانگریس ہائی کمان سے سید عظمت اللہ حسینی مہاراشٹرا کے مبصر مقرر

   

ضلعی صدور کے انتخاب کیلئے چھتیس گڑھ ، ٹاملناڈو ، منی پور میں خدمات کے بعد نئی ذمہ داری
حیدرآباد ۔19 ۔ مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کی قومی قیادت نے تنظیمی مضبوطی کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے اے آئی سی سی مبصرین کی تقرری تجویز کو منظوری دے دی ہے ۔ یہ اقدام ’’سنگھٹن سریجن ابھیان‘‘ کے تحت کیا گیا ہے ، جس کا مقصد پارٹی ڈھانچہ کو مزید مستحکم بنانا ہے ۔ پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھرگے کی منظوری کے بعد پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری و انچارج تنظیمی امور کے سی وینو گوپال نے اس سلسلہ میں باضابطہ احکامات جاری کردیئے ہیں ۔ اے آئی سی سی مبصرین کو مہاراشٹرا ، دہلی ، اروناچل پردیش اور تریپورہ میں ضلعی کانگریس صدور کے انتخاب کے عمل کی نگرانی کرنی ہوگی ۔ اس ضمن میں تلنگانہ کے نوجوان کانگریس قائد اور صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی کو مہاراشٹرا کیلئے مبصر مقرر کیا گیا ہے ۔ سید عظمت اللہ حسینی کو کانگریس پارٹی کے تنظیمی امور میں وسیع تجربہ حاصل ہے ۔ وہ کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی ، نوجوان ونگ یوتھ کانگریس کے علاوہ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میں کئی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ مختلف ریاستوں میں یوتھ کانگریس کے انچارج کی حیثیت سے بھی کام کرچکے ہیں ۔ کانگریس ہائی کمان نے ان کے اسی تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں اس سے قبل چھتیس گڑھ ، ٹاملناڈو اور منی پور جیسی ریاستوں میں بھی اضلاع کانگریس صدور کا انتخاب کرنے کیلئے بطور مبصر ذمہ داریاں سونپی تھیں۔ سید عظمت اللہ حسینی نے کانگریس کی قومی قیادت کی جانب سے انہیں مہاراشٹرا کی نئی ذمہ داری سونپنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ا پنے کام کے ساتھ انصاف کرنے کی کوشش کریں گے اور انہیں جو ذمہ داری دی گئی ہے ، اسکو بخوبی نبھائیں گے۔2