کانگریس ہائی کمان کے نمائندوں کی تلنگانہ قائدین سے مشاورت

   


پردیش کانگریس کی صدارت پر اتفاق رائے کی کوشش، کرسمس تک اعلان کا امکان
حیدرآباد: تلنگانہ میں پردیش کانگریس کمیٹی کے نئے صدر کے انتخاب کی سرگرمیاں آخری مرحلہ میں داخل ہوچکی ہیں۔ قائدین میں اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے کانگریس ہائی کمان نے دو آل انڈیا سکریٹریز کو حیدرآباد روانہ کیا ۔ سکریٹریز اے آئی سی سی بوس راجو اور سرینواس کرشنن کو قائدین کی فہرست کے ساتھ روانہ کیا گیا تاکہ نئے صدر کے بارے میں مشاورت کے ذریعہ اتفاق رائے پیدا کریں۔ ہائی کمان کے دونوں نمائندوں نے سینئر قائدین کے جانا ریڈی ، محمد علی شبیر ، پونالہ لکشمیا ، بھٹی وکرمارکا ، وی ہنمنت راؤ ، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی ، ڈاکٹر چنا ریڈی اور کونڈا وشویشور ریڈی سے علحدہ علحدہ ملاقات کرتے ہوئے نئے صدر کے بارے میں رائے حاصل کی۔ قائدین کی اکثریت نے مشورہ دیا کہ نئے صدر کے انتخاب میں تاخیر نہ کی جائے کیونکہ تاخیر کی صورت میں پارٹی کیڈر کے حوصلے پست ہوجائیں گے۔ انہوں نے ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ سے قبل نئے صدر کے اعلان پر زور دیا تاکہ ضمنی چناؤ میں پوری طاقت سے مقابلہ کیا جاسکے۔ بعض ناراض قائدین کی جانب سے استعفیٰ کی دھمکیوں کے بارے میں ہائی کمان کے نمائندوں نے وضاحت طلب کی جس پر قائدین نے کہا کہ موجودہ حالات میں کوئی بھی کانگریس سے استعفی نہیں دے گا اور اگر کوئی پارٹی چھوڑتا ہے تو اس سے کوئی فرق پڑنے والا نہیں۔ اطلاعات کے مطابق ہائی کمان کے نمائندوں سے ملاقات کرکے قائدین کی اکثریت کی رائے رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کے حق میں تھی۔ دونوں نمائندے آج دہلی واپس ہوئے جہاں سونیا و راہول گاندھی کو رپورٹ پیش کریں گے۔ توقع ہے کہ کرسمس سے قبل یا اس کے بعد نئے صدر کا اعلان کردیا جائیگا۔ واضح رہے کہ جنرل سکریٹری انچارج مانکیم ٹیگور ایم پی نے حیدرآباد میں 200 سے زائد قائدین سے مشاورت کی تھی اور اپنی رپورٹ ہائی کمان کو پیش کی۔ مانکیم ٹیگور سے ملاقات کرنے والے قائدین کی اکثریت کی رائے ریونت ریڈی کے حق میں رہی ۔