کانگریس ہائی کمان کے پاس کام والوں کی قدر نہیں

   

دہلی کے چکر اور لائبینگ کرنے والوں کی اہمیت ، کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن اسمبلی جگا ریڈی نے کہا کہ کانگریس ہائی کمان کے پاس کام کرنے والوں کی نہیں بلکہ دہلی کے چکر کاٹتے ہوئے لائبینگ کرنے والے قائدین کی قدر ہے ۔ آج میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ صدر کانگریس راہول گاندھی اس لائبینگ سسٹم کو ختم کرتے ہوئے زمینی حالات سے تعلق رکھنے والے قائدین کو پارٹی میں اہمیت دیں اور ان میں عہدے تقسیم کریں ۔ بصورت دیگر کانگریس پارٹی کو ہی نقصان ہوگا ۔ اسمبلی حلقہ سنگاریڈی کی نمائندگی کرنے والے جگا ریڈی نے کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے قائد کے انتخاب کو پارٹی صدر راہول گاندھی پر چھوڑنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی کا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ اس کو قبول کریں گے ۔ ساتھ ہی وہ ہائی کمان سے اپیل کرتے ہیں کہ لائبینگ کرنے والے قائدین کو عہدے دینے کے بجائے ایک خفیہ ایجنسی کے ذریعہ تلنگانہ کانگریس قائدین کا سروے کرائے جو عہدے کے لیے موزوں قائد ہے ۔ اس کا انتخاب کریں ۔ لائبینگ کرنے والوں کو عہدے دئیے جاتے ہیں تو کانگریس کو ہی نقصان ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پارٹی قائدین میں یہ احساس پایا جاتا ہے کہ محنت کرنے والوں کو عہدوں سے محروم کیا جارہا ہے ۔ وہ چاہتے ہے کہ تلنگانہ میں ذات پات مذہب سے بالاتر سیاست کی جانی چاہئے ۔ جگا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے زمینی حالات سے کانگریس کے قومی صدر راہول گاندھی واقف نہیں ہے۔ پارٹی کے لیے کام کرنے والوں کو اہمیت دی جانی چاہئے ۔ دہلی میں لائبینگ کا جو سسٹم ہے وہ بند ہونا چاہئے ۔ پارٹی کے لیے محنت کرنے والوں کو راہول گاندھی تک پہونچنے ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔ عوام کے لیے قابل قبول لیڈر کا انتخاب کرتے ہوئے کانگریس ہائی کمان اس کی حوصلہ افزائی کریں ۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے قائد کا انتخاب کرنے کے لیے کانگریس ہائی کمان پارٹی کے اہم قائدین کی رائے حاصل کریں اور ارکان اسمبلی کی رائے کا احترام کرتے ہوئے فیصلہ کریں اور طاقتور قائد کا انتخاب کریں ۔۔