کانگریس ہمیشہ ہی رام مندر کی تعمیر کی حامی رہی

   

اب مندر کی تعمیر کے دروازے کھل گئے ، مذہب کے نام پر اقتدار کرنے والی بی جے پی کے دروازے بند
نئی دہلی ۔ 9 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : کانگریس نے ہفتہ کو کہا کہ مسئلہ ایودھیا پر وہ سپریم کورٹ فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے اور وہاں رام مندر کی تعمیر کی حمایت کرتی ہے ۔ کانگریس کے سرکردہ قائدین نے ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں سپریم کورٹ فیصلے پر تبادلہ خیال کے بعد قرار داد منظور کی ۔ اس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی ۔ جس میں منظور قرار داد میں مقدمہ کے تمام متعلقہ فریقوں اور عوام کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ دستور میں صراحت کردہ سیکولر اقدار اور اخوت کے جذبہ کی پابندی کریں اور امن و ہم آہنگی کو برقرار رکھا جائے ۔ کانگریس کے ترجمان اعلیٰ رندیپ سرجے والا نے قرار داد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم تمام کی ذمہ داری ہے کہ سب کے اتحاد و باہمی احترام سے متعلق اپنی روایات کی پابندی کے عہد کا اعادہ کریں ۔ ایک سوال پر رندیپ سرجے والا نے جواب دیا کہ کانگریس ہمیشہ ہی رام مندر کی تعمیر کی تائید و حمایت کرتی رہی ہے ۔ کانگریس ترجمان نے کہا کہ آج سپریم کورٹ کے معلنہ فیصلے نے رام مندر کی تعمیر کے دروازے کھول دیا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی ملک کے اعتقاد کے ساتھ کھلواڑ کے ذریعہ اقتدار کے مزے اڑانے والی بی جے پی اور دیگر جماعتوں کے دروازے ہمیشہ کے لیے بند کردیا ہے ۔ سرجیوالا نے کہا کہ لارڈ ’ اقتدار سے محبت ‘ کے لیے نہیں بلکہ جذبہ ایثار و قربانی کے لیے جانے جاتے ہیں۔