کانگریس ہیڈکوارٹر گاندھی بھون پر جشن، باجا ،رقص اور آتشبازی

   

سینئر قائدین کی شرکت، کارکنوں میں مٹھائی کی تقسیم
حیدرآباد۔/4 جون، ( سیاست نیوز) کانگریس کے ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں آج لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے بہتر مظاہرہ پر جشن منایا گیا۔ قومی سطح پر کانگریس کی نشستوں میں اضافہ اور تلنگانہ میں 3 سے 8 نشستوں تک پہنچنے پر قائدین اور کارکنوں نے مسرت کا اظہار کیا۔ گاندھی بھون میں صبح سے ہی جشن کا ماحول تھا اور سینئر قائدین گاندھی بھون پہنچ رہے تھے۔ لوک سبھا کی 8 نشستوں پر کامیابی کے علاوہ کانگریس کو حیدرآباد میں کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، حکومت کے مشیر وینو گوپال، اقامتی اسکول سوسائٹی کے نائب صدر فہیم قریشی، صدر ضلع کانگریس خیریت آباد روہن ریڈی اور دیگر قائدین نے جشن میں حصہ لیا۔ گاندھی بھون کے احاطہ میں آتشبازی کی گئی اور قائدین اور کارکنوں کے درمیان مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ باجے کی مختلف دھنوں پر قائدین نے رقص کیا۔ سینئر قائد وی ہنمنت راؤ نے خود رقص کرتے ہوئے باجا بجانے میں حصہ لیا۔ دوپہر کے بعد بھی سینکڑوں کی تعداد میں کارکن شہر کے مختلف علاقوں سے گاندھی بھون پہنچ رہے تھے۔ کارکنوں نے سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور ریونت ریڈی کی تائید میں نعرے لگائے۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ کانگریس نے لوک سبھا کی 8 نشستوں پر شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ ملک میں مودی لہر کا بھرم ٹوٹ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے انتخابی وعدوں پر عمل نہیں کیا لہذا عوام نے کانگریس زیر قیادت انڈیا الائینس کی تائید کی ہے۔ راہول گاندھی نے ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات کے مفادات کے تحفظ کا جو وعدہ کیا اس پر عوام نے بھروسہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اُترپردیش میں اپوزیشن کو بھاری کامیابی بی جے پی کی مقبولیت میں کمی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے تلنگانہ میں تین نشستوں کو بڑھا کر 8 تک پہنچادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی 8 نشستوں پر کامیابی میں بی آر ایس کا اہم رول ہے۔1