’کانگریس ہی آئندہ حکومت بنائے گی‘کسی بھی جماعت کو اکثریت کا حصول دشوار : پرتھوی راج چوہان

   

ممبئی 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر پرتھوی راج چوہان نے منگل کو کہاکہ لوک سبھا انتخابات میں ان کی پارٹی (کانگریس کو اگرچہ واضح اکثریت حاصل نہیں ہوسکے گی لیکن مرکز میں بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کرتے ہوئے اس کی قیادت میں ہی نئی حکومت تشکیل پائے گی۔ مہاراشٹرا کے سابق چیف منسٹر نے کہاکہ اپوزیشن سے مفاہمت نہ کرنے دلت لیڈر پرکاش امبیڈکر کی زیرقیادت ونچت بہوجن اگھاڑی کا فیصلہ یقینا این ڈی اے کو ہی فائدہ پہونچے گا۔ کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) اور دلت گروپ کو مہاراشٹرا کے اپوزیشن محاذ میں شرکت کی ترغیب دے رہے ہیں۔ تاہم پرکاش امبیڈکر اور مجلس کے صدر اسدالدین اویسی کی طرف سے تشکیل شدہ دلتوں اور مسلمانوں کے مشترکہ سماجی اتحاد ونچت بہوجن اگھاڑی (وی بی اے) نے لوک سبھا کے لئے اپنے امیدوار نامزد کرنے کے فیصلہ کا حال ہی میں اعلان کیا تھا۔