نشستوں کی تقسیم کو قطعیت ۔ حلیفوں کیلئے 38 نشستیں ۔این سی پی سربراہ شرد پوار کا اعلان
ممبئی 16 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے آج اعلان کیا کہ مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی این سی پی اور کانگریس فی کس 125 نشستوں پر مقابلہ کرینگے ۔ مہاراشٹرا میں آئندہ مہینے اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ شرد پوار نے کانگریس کے ساتھ اپنی پارٹی کے اتحاد اور نشستوں کی تقسیم کا اعلان کیا جو 20 سال سے ایک دوسرے سے اتحاد کر رہے ہیں۔ مہاراشٹرا میں اسمبلی کی جملہ 288 نشستیں ہیں۔ شرد پوار نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں بتایا کہ کانگریس اور این سی پی مساوی نشستوں پر مقابلہ کرینگے اس کے علاوہ جملہ 38 نشستیں اپنی حلیف جماعتوں کیلئے چھوڑ دی جائیں گی ۔ شرد پوار نے کہاکہ این سی پی کی جانب سے انتخابات میں نئے چہروں کو موقع دیا جائیگا ۔ اس کے علاوہ این سی پی اپنی سابقہ نشستوں میں سے کچھ نشستیں کانگریس کے ساتھ تبدیل بھی کرے گی ۔ 2014 کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس اور این سی پی کے مابین اتحاد نہیں ہوسکا تھا اور دونوں نے علیحدہ مقابلہ کیا تھا ۔ اس وقت دونوں جماعتوں کے مابین پندرہ سالہ اتحاد ختم ہوگیا تھا ۔ انتخابات میں کانگریس نے 42 اور این سی پی نے 41 اسمبلی حلقوں سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ بی جے پی 122 نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے ریاست میں سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری تھی ۔ شیوسینا دوسرے نمبر پر رہی اور دونوں جماعتوں نے ریاست میںمخلوط حکومت تشکیل دی تھی ۔ کانگریس اور این سی پی کے مابین نشستوں کی تقسیم کو اس وقت قطعیت دی گئی ہے جبکہ دونوں جماعتوں سے کئی قائدین نے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے شیوسینا ۔ بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔ زیادہ تر قائدین بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں جبکہ کچھ نے شیوسینا کو بھی ترجیح دی ہے ۔