بنگلورو ۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے سبکدوش چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی نے اپنی مخلوط حکومت کے زوال کے ایک دن بعد چہارشنبہ کو کہا کہ کانگریس کے ساتھ اپنی پارٹی جے ڈی (ایس) کا اتحاد برقرار رکھنے کے بارے میں واضح طور پر کچھ کہنے سے انکار کردیا اور کہا کہ دونوں جماعتوں نے اس مسئلہ پر ہنوز کوئی بات چیت نہیں کی ہے۔ کمارا سوامی گذشتہ روز اسمبلی میں خط ا عتماد حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد مستعفی ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’’مستقبل کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے آج ہم نے اپنے ارکان اسمبلی کا اجلاس طلب کیا۔ پارٹی کو مستحکم بنانا اور کرناٹک کے عوام کا اعتماد حاصل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس بات پر غور کیا گیا کہ اس مرحلہ پر کس طرح پیشقدمی کی جائے‘۔ اس سوال پر کہ آیا کانگریس کے ساتھ اتحاد جاری رہے گی؟ کمارا سوامی نے جواب دیا کہ ’’کانگریس قائدین کے موقف کے بارے میں میں کچھ نہیں جانتا۔ مستقبل کے بارے میں ہم نے کوئی بات چیت نہیں کی‘‘۔