کسی بھی وقت جیل بھی ہوسکتی ہے ، مرکزی وزیر جیتندر سنگھ کا ریمارک
جموں ۔ /10 فبرور ی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ سی بی آئی اور ای ڈی جیسے دستوری اداروں کے کاموں میں بی جے پی کوئی دخل اندازی نہیں کرتی اور کہا کہ کانگریس کی ساری قیادت مختلف مقدمات کے ضمن میں ضمانت پر رہا ہے اور کسی بھی وقت سلاخوں کے پیچھے جاسکتی ہے ۔ وہ آج یہاں کانگریس کے صدر راہول گاندھی کے بہنوائی رابرٹ وڈرا کے بارے میں ایک سوال کا جواب دے رہے تھے ۔ وڈرا سے بیرونی ملک میں اراضی کی خریدی کے ایک کیس میں ای ڈی نے لگاتار تین دن پوچھ گچھ کی ۔ جتیندر سنگھ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے خیال میں سارا ملک یہ دیکھ رہا ہے ۔ غالباً وہ کہیں کچھ کھوبیٹھے ہیں ۔ یہ ان (کانگریس) کے لئے اصولی ضابطہ بن گیا ۔ کیونکہ اس پارٹی کی ساری محاذی قیادت مختلف مقدمات کا سامنا کررہی ہے اورفی الحال ضمانتوں پر رہا ہے وہ کسی بھی وقت سلاخوں کے پیچھے بھی جاسکتے ہیں ۔ جتیندر سنگھ نے مزید کہا کہ اب یہ فیصلہ کرنا ملک پر منحصر ہے کہ آیا وہ اس قسم کی کسی پارٹی کو کوئی سیاسی جگہ دینا چاہتے ہیں ۔ اس سوال پر کہ آیا این ڈی اے حکومت کو درپیش مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے بی جے پی یہ کوشش کررہی ہے ۔ جتیندر سنگھ نے جواب دیا کہ ’ میں نہیں سمجھتا کہ اس ناکام میں گٹھ بندھن ’ مہا ملاوٹ‘ کو شکست دینے کے لئے ہمیں کوئی کوشش کرنے کی ضرورت ہوگی ‘ ۔ انہوں نے کہا کہ عظیم اتحاد پہلے ہی ناکام ہوچکا ہے ۔ یہ اتحاد دراصل وزارت عظمی کے چند خواہشمندوں کا مجموعہ ہے ۔ جن کے درمیان کوئی چیز مشترک نہیں ہے ۔ چنانچہ میں نہیں سمجھتا کہ انہیں شکست دینے کے لئے دباؤ ڈالنے کا کوئی حربہ استعمال کرنے کی کوئی ضرورت ہوگی ۔