شکاپا ۔ 28ڈسمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) ڈیموکریٹک ری پبلک آف کانگو (Dr Congo) کے ایک دریا سے 20 نعشیں نکالی گئی ہیں جو دراصل ایک کشتی میں آگ لگنے سے ہلاک ہوئے تھے ۔ شمبندا نامی علاقہ سے کشتی درجنوں مسافرین اور کچھ دیگر مال و اسباب لیکر جارہی تھی کہ اُس میں آگ لگ گئی ۔ شمبندا شکاپا کے قریب ایک گاؤں کا نام ہے ۔ دریں اثناء آبی راستوں کے ایک نگرانکار نے بتایا کہ جس وقت کشتی میں ایندھن بھرا جارہا تھا بالکل اُسی وقت عملہ کے ایک فرد نے سگریٹ جلانے کیلئے ماچس کی تیلی سلگائی جس سے آگ بھڑک اُٹھی ۔ انھوں نے بتایا کہ 17نعشیں منگل کو اور دیگر تین نعشیں جمعہ کو کیسائی ندی سے دستیاب ہوئیں جو دریائے کانگو کی معاون ندی ہے ۔ دیگر مسافرین بھی بُری طرح جھلس گئے ہیں جبکہ ایک لاپتہ بتایا گیا ہے ۔اب تک یہ معلوم نہیں ہوا ہے کہ حادثہ کے وقت کشتی میں سوار مسافرین کی قطعی تعداد کیا تھی ۔