کنشاسا، 28 ستمبر (یو این آئی) سنٹرل ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو (ڈی آر سی) کے صوبہ کاسائی میں ایبولا کی وباء پھیلنے سے 64 مریضوں میں سے 42 کی موت ہوگئی ہے ۔ محکمہ صحت کے حکام نے ہفتہ کے روز یہ اطلاع دی ہے ، جبکہ اقوام متحدہ (یو این) نے “عالمی سطح پر انسدادی اقدامات” کا مطالبہ کیا ہے ۔ مقامی میڈیا نے صوبائی وزیر مواصلات اور میڈیا، بازین پیمبے کے حوالے سے بتایا کہ 26 ستمبر تک درج ہونے والے 64 معاملوں میں سے 42 اموات کی اطلاع ملی، جن میں سے 31 تصدیق شدہ کیسز میں شامل ہیں۔ وباء پھیلنے کا اعلان کانگو کی حکومت نے 4 ستمبر کو کیا تھا، جو کہ کانگو میں یہ وائرس پہلی بار 1976 میں دریافت ہونے کے بعد یہ ایبولا کی 16ویں وباء ہے ۔ یونیسیف نے کہا کہ صوبہ کاسائی ملک کے سب سے نازک علاقوں میں سے ایک ہے ، جہاں صحت کے کمزور نظام، صاف پانی تک محدود رسائی، ادویات کی قلت، اور ناقص صفائی کے مسائل کا سامنا ہے ۔ کانگو میں یونیسیف کے نمائندے جان ایگبر نے بدھ کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا تھا کہ “اس طرح کی وباء ہمیں یہ بھی یاد دلاتی ہے کہ عالمی سطح پر تیاری کتنی اہم ہے ، ساتھ ہی فوری ردعمل بھی درکار ہے ۔” ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، متاثرین کی عمر 0 سے 65 سال تک ہوتی ہیں، جن میں نو سال اور اس سے کم عمر کے بچے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ کانگو کی وزارت صحت کی جانب سے چہارشنبہ کے روز جاری کردہ دوسری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2,103 افراد کو ویکسین لگائی گئی ہے ۔ یونیسیف کے مطابق ویکسین کی تقریباً 45,000 اضافی خوراکیں کاسائی صوبہ کے لیے بھیجی گئی ہیں۔