برازویلے ، 19 فروری (یو این آئی) اقوام متحدہ کے دفتر برائے ہم آہنگی انسانی امور کی جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق، جمہوریہ کونگو کے شمالی کیوو صوبے میں حکومت نواز قوتوں اور مسلح باغیوں کے درمیان جنوری میں ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم 50 شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ او سی ایچ اے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ لڑائی 12 جنوری اور 16 جنوری کے درمیان رُتشورو علاقے کے درجن بھر سے زائد دیہاتوں میں ہوئی اور اس نے بکومبو، کیھونڈو، موتانڈا، بامبو اور تونگو گروپوں کو متاثر کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متعدد افراد زخمی ہوئے اور بہت سے لوگوں کو اپنے گھر چھوڑ کر ملحقہ علاقے میں حفاظت کی خاطر نقل مکانی کرنا پڑی۔ یہ جھڑپیں AFC/M23 باغیوں اور حکومت نواز ملیشیا وازلینڈو کے مابین ہوئیں۔ اسی رپورٹ کے مطابق جنوری کے اوائل میں ایک الگ واقعے میں ماسِسی مرکز میں باغی پوزیشنوں پر فوجی فضائی حملے کے بعد 11 افراد ہلاک اور تقریباً 40 زخمی ہوئے ۔ الائنس فلوے کانگو (AFC/M23)، جو مشرقی کانگو میں ایک باغی اتحاد ہے اور اس میں M23 جنگجو شامل ہیں، اس خطے کے تنازعہ کا مرکز رہا ہے ۔
ایران کے جنوبی علاقوں میں زلزلہ
تہران، 19 فروری (یو این آئی) جنوبی ایران میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں، ریکٹر سکیل پر جن کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی، تاہم فوری طور پر کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ شنہوا نے جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ روز جنوبی ایران میں زلزلہ برطانوی وقت کے مطابق رات تین بجکر 43 منٹ پر آیا۔