کانگو کشتی حادثہ: مہلوکین کی تعداد 143 ہوگئی

   

برازاویلے : جمہوریہ کانگو میں ایندھن لے جانے والی کشتی میں آگ لگنے سے ہلاکتوں کی تعداد 143 تک جاپہنچی، درجنوں افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق علاقے سے تعلق رکھنے والے قومی نمائندوں کے وفد کے سربراہ جوزفین پیسیفیک لوکومو کے مطابق منگل کے روز یہ حادثہ اس وقت پیش آیا تھا، جب شمال مغربی علاقے میں دریائے کانگو پر لکڑی کی ایک کشتی پر سیکڑوں مسافر سوار تھے ۔ یہ حادثہ ایکویتور صوبے کے دارالحکومت مبنداکا کے قریب پیش آیا تھا، جو روکی اور دنیا کے سب سے گہرے دریائے کانگو کے سنگم پر واقع ہے ۔انہوں نے کہا کہ بدھ کو 131 لاشیں ملی تھیں، جب کہ جمعرات اور جمعہ کو مزید 12 لاشیں نکالی گئیں، لوکومو نے کہا کہ مرنے والوں میں زیادہ افراد آگ لگنے سے جھلس کر ہلاک ہوئے ۔ مقامی سول سوسائٹی کے قائد جوزف لوکونڈو نے کہا کہ ہلاکتوں کی عارضی تعداد 145 ہے ، کچھ جل گئے جب کہ کچھ ڈوب کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔