کان اور معدنیات ترمیمی بل راجیہ سبھا میں منظور

   

نئی دہلی: راجیہ سبھا نے چہارشنبہ کو مائنز اینڈ منرلز ترمیمی بل 2023 کو پورے اپوزیشن کے واک آؤٹ کے درمیان صوتی ووٹ سے منظور کر لیا۔ لوک سبھا پہلے ہی اس بل کو پاس کر چکی ہے ، اب اس پر پارلیمنٹ کی مہر لگ گئی ہے ۔ اپوزیشن اراکین نے بل میں ترمیم کیلئے کچھ تجاویز پیش کی تھیں تاہم اپوزیشن اراکین کی ایوان میں عدم موجودگی کی وجہ سے انہیں پیش نہیں کیا جاسکا ۔بل پر مختصر بحث کا جواب دیتے ہوئے کوئلہ، کانوں اور پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے کہا کہ سال 2030 تک مختلف شعبوں میں ملک کی توانائی کی کھپت دوگنی ہونے والی ہے ، مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ، چھ معدنیات کو اس بل سے باہر رکھا گیا ہے۔ نیوکلیائی فہرست نکال کر ان کی کان کنی کیلئے انتظامات کیے گئے ہیں۔