لکھنؤ۔12 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی جانچ ایجنسی(سی بی آئی) نے سابق سماج وادی پارٹی کے میعاد کار میں کان کنی اسکیم کے حوالے سے چہارشنبہ کو سماج وادی پارٹی لیڈر و سابق ریاستی وزیر گائتری پرساد پرجا پتی کے امیٹھی میں واقع گھر پر چھاپہ مارا۔عصمت دری کے ایک معاملے میں لکھنؤ جیل میں قید پرجا پتی کے علاوہ سی بی آئی نے ہمیر پور میں ایم ایل سی رمیش چندرمشرا کے گھر اور دیگر مقامات پر چھاپے ماری کی۔ امیٹھی سے موصول رپورٹ کے مطابق سی بی آئی کے افسران صبح پرجا پتی کے آواس وکاس رہائش گاہ پہنچے ۔انہوں نے گھر کے اندر موجود لوگوں کے بیانات بھی ریکارڈ کئے۔ سی بی آئی کی ٹیم نے کان کنی گھپلے کے حوالے سے اترپردیش میں 22 مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ سی بی آئی نے 2 جنوری کو آئی پی سی اور انسداد بدعنوانی ایکٹ برائے کان کنی کے تحت 11 افراد کے خلاف مقدمے درج کئے تھے ۔جس میں ہمیر پور کی سابق ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بی چندر کلاں، سماج وادی پارٹی(ایس پی) ایم ایل سی رمیش کمار مشرا ا ن کے بھائی دنیش کمار مشرا شامل ہیں۔
