کاویری ڈیلٹا میں آبپاشی کیلئے میٹور ڈیم سے پانی چھوڑا گیا

   

چنئی، 12 جون (یو این آئی) تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے جمعرات کو میٹور سے آبپاشی کیلئے پانی چھوڑا، جس سے کاویری ڈیلٹا اضلاع کے کسانوں کے چہروں پر مسکراہٹ آگئی۔خیال ر ہے کہ نو دہائیوں کی تاریخ میں یہ 20 واں موقع ہے جب ڈیم میں پانی کا کافی ذخیرہ ہونے کی وجہ سے کروائی فصل کی کاشت کے لیے مقررہ تاریخ پر ڈیم سے پانی چھوڑا گیا ہے ۔ اسٹالن نے میٹور میں اسٹینلے ریزروائر کے سلائس گیٹ کھولے اور چھوڑے جانے والے پانی پر گلاب کی پنکھڑیوں کی بارش کی گئی جس سے کسان بہت خوش ہوئے ۔ پانی چھوڑنے سے 17.15 لاکھ ایکڑ زرعی اراضی سیراب ہو گی۔ ڈیم سے 3 ہزار کیوسک پانی چھوڑا گیا ہے اور آج شام تک چھوڑے جانے والے پانی کی سطح کو بڑھا کر 10 ہزار کیوسک کر دیا جائے گا۔