کاٹے دھن کے قریب سڑک پر چیتا پایا گیا

,

   

ہجوم کو دیکھتے ہوئے فارم ہاوز میں گھس پڑا ۔ پکڑنے تلاش جاری
حیدرآباد ۔ /14 مئی (سیاست نیوز) لاک ڈاؤن کے دوران جنگلی جانور جنگلات سے شہر کا رخ کررہے ہیں ۔ تازہ واقعہ میں کاٹے دھن بائی پاس کے قریب ایک چیتا دستیاب ہوا جسکے بعد سنسنی پھیل گئی ۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح قومی شاہراہ 7 کے بائی پاس روڈ پر ایک چیتا موجود ہونے کی اطلاع پر پولیس اور محکمہ جنگلات کا عملہ سرگرم ہوگیا اور وہاں پہونچ گیا ۔ عینی شاہدین نے دیکھا کہ چیتا جو کمزور دکھائی دے رہا تھا کافی دیر تک سڑک پر بیٹھا رہا اور عوام کے بڑھتے ہجوم کو دیکھ کر بودویل ریلوے اسٹیشن ایک فارم ہاؤز میں گھس پڑا ۔ چیتا کو پکڑنے پولیس نے فارم ہاؤز کا محاصرہ کرلیا اور محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے وہاں پر دو پنجرے اور جالیاں لگادی تاکہ اسے دوسرے علاقہ میں جانے سے روکا جاسکے ۔ اے سی پی راجندر نگر اشوک چکرورتی نے بتایا کہ چیتا نے میلاردیوپلی میں واقع فارم ہاؤز میں پناہ لے لی ہے اور اسے ڈھونڈنے پولیس اور محکمہ جنگلات کی ٹیمیں کام کررہی ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کو پکڑنے 25 سی سی ٹی وی کیمرے ، تین خصوصی ٹیمیں اور نہروزوالوجیکل پارک کے عملہ کو بھی رکھا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیتا کو پکڑنے ٹیمیں 24 گھنٹے کام کریگی اور پولیس نے میلاردیوپلی کے قریبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔ جبکہ اس جانور کو پکڑنے کیلئے رات دیر گئے تک متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار مسلسل کوشش کررہے تھے ۔