حیدرآباد۔/6 نومبر، ( سیاست نیوز) ریلوے پروٹیکشن فورس نے کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن پر چہارشنبہ کو دو افراد کو اپنی تحویل میں لیتے ہوئے ان کے قبضہ سے 49.51 لاکھ روپئے برآمد کرلیا۔ یہ دونوں ایک ٹرالی پر رکھے ہوئے بیاگ کے ذریعہ رقم لے جارہے تھے کہ آر پی ایف اہلکاروں نے اسکیاننگ کے دوران رقم کا پتہ چلالیا اور انہیں اسٹیشن کے باب الداخلہ پر تحویل میں لے لیا۔ اعلامیہ کے مطابق یہ دونوں کوزی کوڈ جانے والی ٹرین کی سمت بڑھ رہے تھے ۔ دوران تفتیش وہ نقد رقم کے بارے میں دستاویز فراہم کرنے میں ناکام رہے۔ تاہم کہا کہ حیدر گوڑہ میں چھالیہ سپاری کی فروخت سے یہ رقم حاصل کئے تھے۔ یہ نقد رقم 2000 ، 500 اور 100کی کرنسی نوٹوں پر مشتمل تھی ان دونوں کو گورنمنٹ ریلوے پولیس ( جی آر پی ) کے سپرد کردیا گیا ہے جس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے رقم کو محکمہ انکم ٹیکس کے حوالے کردیا۔