کاچیگوڑہ میں دو ٹرینوں میں تصادم ۔ 12 افراد زخمی

,

   

ایم ایم ٹی ایس ٹرین نے ٹہری ہوئی انٹر سٹی ایکسپریس کو ٹکر دیدی ۔ تحقیقات کا اعلان

حیدرآباد 11 نومبر (سیاست نیوز) شہر کے کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن پر آج صبح دو ٹرینوں کے تصادم کے نتیجہ میں 12 مسافرین زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ آج صبح 10.30 بجے اس وقت پیش آیا جب لنگم پلی تا فلک نما چلنے والی ایم ایم ٹی ایس ٹرین نمبر 47178 اسٹیشن کی پٹریوں پر پارک کی ہوئی سکندرآباد ہنڈری انٹرسٹی ایکسپریس نمبر 17028 سے جا ٹکرائی ۔ تفصیلات کے مطابق اس حادثہ میں ایم ایم ٹی ایس ٹرین کی 6 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جبکہ انٹرسٹی ایکسپریس کے بعض ڈبوں کو بھی نقصان پہنچا۔ اس حادثہ میں 12 مسافرین زخمی ہوئے جنہیں فوری دواخانہ منتقل کیا گیا جبکہ لوکو پائلٹ ڈرائیور چندر شیکھر ایم ایم ٹی ایس ٹرین کے کیابن میں پھنس گیا تھا ۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریلوے پولیس کے علاوہ حیدرآباد سٹی پولیس سے وابستہ عہدیدار ریلوے اسٹیشن پہنچ گئے اور زخمیوں کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا۔ ٹرین کیابن میں پھنسے ہوئے چندر شیکھر کو سلامتی سے نکالنے جی ایچ ایم سی کی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ڈی آر ایف) فوری حرکت میں آگئی اور لوکوپائلٹ کو باہر نکالنے کیلئے کوششوں کا آغاز کیا گیا ۔ ڈی آر ایف کی ٹیموں نے چندر شیکھر کو آکسیجن فراہم کرنے کے علاوہ اسے ابتدائی طبی امداد کے طور پر سلائین چڑھایا۔ڈرائیور کو سلامتی سے نکالنے کیلئے گیس کٹرس کا بھی استعمال کیا گیا۔ 8 گھنٹے کی طویل جدوجہد کے بعد ٹرین ڈرائیور چندر شیکھر کو کامیاب طور پر باہر نکال لیا گیا اور اسے کیر ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے، جہاں پر وہ زیر علاج ہے۔ حادثہ کی اطلاع عام ہونے کے بعد مرکزی وزیر ریلوے پیوش گوئل نے ٹوئیٹر کے ذریعہ اس ٹرین حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا اور متعلقہ عہدیداروں کو موثر کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ جائے حادثہ کا معائنہ کرنے کیلئے ریاستی وزیر مسٹر ٹی سرینواس یادو کے علاوہ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے ایڈیشنل جنرل مینجر مسٹر بی بی سنگھ ، چیف سیکوریٹی کمشنر ، چیف میڈیکل ڈائرکٹر ، چیف سیفٹی آفیسر کے علاوہ کئی اعلیٰ عہدیداروں نے وہاں کا معائنہ کیا۔ اس خوفناک حادثہ کے منظر کو سی سی ٹی وی میں قید کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ تیز رفتار ایم ایم ٹی ایس ٹرین نے کھڑی ہوئی انٹرسٹی ایکسپریس ٹرین کو ٹکر دیدی۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے ترجمان نے بتایا کہ اس حادثہ میں زخمی افراد کو علاج کیلئے دواخانہ منتقل کیا گیا اور حادثہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائے گی۔ اسی دوران تلنگانہ کی گورنر ڈاکٹر ٹاملاسائی سوندرا راجن نے دواخانہ عثمانیہ کے سپرنٹنڈنٹ کو فون کر کے ٹرین حادثہ میں زخمی مسافرین کے علاج اور ان کی کیفیت کے بارے میں دریافت کیا۔