کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن پر 40 کوچس قرنطینہ کیلئے تیار

   

ساوتھ سنٹرل ریلوے کے اقدامات ، کورونا وائرس متاثرین کو علاج و معالجہ کی سہولت
حیدرآباد۔9اپریل(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں دواخانوں کو کورونا مریضوں کے علاج کے لئے حاصل کئے جانے کے بعد حکومت تلنگانہ کی جانب سے گچی باؤلی اسٹیڈیم کو عارضی دواخانہ میں تبدیل کرتے ہوئے اسٹیڈیم میں 1500 بستروں پر مشتمل دواخانہ تیار کیا جا رہاہے اسی دوران ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن پر کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے 40کوچس کو قرنطینہ کے کمروں کے طور پر تیار کیا ہے اور ان کوچس میں مریضوں کو علاج و معالجہ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے 20 ہزار بستروں کی سہولت کے ساتھ خانگی دواخانوں میں موجود 15ہزار بستروں کی سہولت کے بعد ریلوے کوچس جنہیں کورونا وائرس کے وارڈس میں تبدیل کیا گیا ہے نیا اضافہ ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے تیار کئے گئے ان 40کوچس میں ڈاکٹرس ‘ طبی عملہ اورنرسوں کے لئے علحدہ گوشہ موجود ہیں اور ایک کوچ میں 13 مریضوں کو قرنطینہ کے ساتھ علاج کی فراہمی کی گنجائش موجود رکھی گئی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ مزید 19بوگیوں کو قرنطینہ کے مراکز میں تبدیل کرنے کے علاوہ سلیپر کلاس کی بوگیوں کے بھی استعمال اور انہیں مریض کیلئے وارڈس کے طور پر استعمال کرنے کی حکمت عملی کا جائزہ لینے کے بعد انہیں مریضوں کے لئے کمروں میں تبدیل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔محکمہ ریلوے کے عہدیداروں نے واضح کیا کہ کورونا متاثرین کے علاج و معالجہ کیلئے جو کوچس تیار کئے جا رہے ہیں وہ ریاست تلنگانہ میں صرف کاچی گوڑہ اسٹیشن پر موجود رہیں گی کیونکہ اگر ٹرین کی خدمات کا احیاء ہونے کی صورت میں دیگر اسٹیشن کو کارکرد رکھنے کے علاوہ دوسروں کیلئے دشواری کا باعث نہ بنیں اور مریضوں کے علاج و معالجہ کا سلسلہ جاری رہے۔بتایاجاتا ہے کہ وزارت ریلوے کے عہدیداروں نے بتایا کہ تمام کوچس کی تیاری مکمل ہوتے ہی ریاستی حکومت کے ذمہ داروں سے عہدیدار ملاقات کرتے ہوئے انہیں عارضی دواخانوں کے طور پر تیار کردہ ان کوچس کو ان کی نگرانی میں دینے کا اعلان کیا جائے گا تاکہ ضرورت کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے ان کوچس کے استعمال کے ذریعہ کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کی شروعات کی جاسکے اور بستروں کے کمی کی شکایات کا ازالہ ہو۔