حیدرآباد 9 ستمبر (سیاست نیوز) کاکتیہ میڈیکل کالج سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل ورنگل کے 263 آؤٹ سورسنگ ملازمین نے گزشتہ 6 ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ہڑتال کی دھمکی دی ہے۔ آؤٹ سورسنگ ملازمین میں نرسنگ، پیرا میڈیکل ، ریڈیالوجی اسٹاف، لیاب ٹیکنیشنس اور ڈیٹا انٹری آپریٹرس شامل ہیں۔ مرکزی حکومت نے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس کی طرز پر پردھان منتری سواستھ سرکشا یوجنا کے تحت 250 بستروں پر مشتمل ہاسپٹل کی منظوری دی ہے۔ مرکز نے 120 کروڑ روپئے مختص کئے جبکہ تلنگانہ حکومت نے 30 کروڑ کی حصہ داری نبھائی ہے۔ ڈاکٹرس اور دیگر اسٹاف کو ایم جی ایم ہاسپٹل سے مامور کیا گیا جبکہ 263 آؤٹ سورسنگ اسٹاف میں 153 نرسنگ اور 110 پیرا میڈیکل اسٹاف شامل ہیں۔ 3 خانگی ایجنسیوں کے ذریعہ ان کے تقررات کئے گئے۔ آؤٹ سورسنگ اسٹاف کا تعلق غریب خاندانوں سے ہے اور گزشتہ 6 ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے سبب مالی مشکلات کا سے دوچار ہیں۔ اسٹاف نے حکومت سے تنخواہوں کی فوری اجرائی کا مطالبہ کیا اور عدم اجرائی کی صورت میں ہڑتال کی دھمکی دی۔ ہاسپٹل حکام نے حکومت کو رپورٹ پیش کردی ہے۔1