کاکتیہ یونیورسٹی میں طلبہ کے احتجاج سے کشیدگی

   

حیدرآباد۔/29 مارچ، ( سیاست نیوز) پبلک سرویس کمیشن کے امتحانی پرچوں کے افشاء کے خلاف کاکتیہ یونیورسٹی کے طلبہ نے آج احتجاج کی کوشش کی لیکن پولیس نے ناکام بنادیا۔ عثمانیہ یونیورسٹی کی طرح کاکتیہ یونیورسٹی طلبہ تنظیموں کی جانب سے آج ایک روزہ احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا لیکن پولیس نے احتجاج کی اجازت نہیں دی جس کے نتیجہ میں یونیورسٹی میں صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ پولیس نے طلبہ کو ریلی کی اجازت نہیں دی باوجود اس کے طلبہ نے اڈمنسٹریشن بلڈنگ سے ریلی منظم کی۔ جے اے سی کی جانب سے اڈمنسٹریشن بلڈنگ کے گھیراؤ کی کوشش کی گئی۔ احتجاجیوں نے پولیس کے رویہ پر ناراضگی جتائی اور صورتحال کی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے اضافی فورسیس کو طلب کرلیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق پولیس نے جے اے سی قائدین کو حراست میں لیا۔ر