پولیس پر ظلم و زیادتی کا الزام، طلبہ کے احتجاجی نعرے
حیدرآباد ۔ 28 ۔ نومبر (سیاست نیوز) ورنگل شہر میں واقع کاکتیہ یونیورسٹی میں احتجاج منظم کرنے والے طلباء پر پولیس کی جانب سے کی گئی لاٹھی چارج کے بعد صورتحال زبردست کشیدہ ہوگئی اور احتجاجی طلباء نے پولیس کی اس ظلم و زیادتی کے خلاف احتجاجی نعرے لگائے ۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ کاکتیہ یونیورسٹی میں ڈگری کورسس کا نصاب تعلیم پورا ہونے سے قبل ہی سمسٹر امتحانات شروع کرنے یونیورسٹی انتظامیہ کے اقدامات کی وجہ سے طلباء کو ہونے والے نقصان کے خلاف طلباء تنظیموں نے احتجاج منظم کیا اور احتجاجی طلباء نے اس بات کا ادعا کیا کہ 90 یوم کے شیڈول کلاسس مکمل ہونے سے قبل ہی امتحانات کے منعقد کرنے سے طلباء کو کئی ایک مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے ، جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے طلباء نے رجسٹرار کاکتیہ یونیورسٹی کے چیمبر کے پاس پہونچ کر زبردست احتجاج منظم کیا لیکن اس طویل وقفہ تک احتجاج کرنے کے باوجود عہدیداروں کی جانب سے کوئی ردعمل کا اظہار نہ کئے جانے کے باعث احتجاجی طلباء زبردستی اندر داخل ہونے کی کوشش کرنے پر پولیس اورطلباء کے مابین زبردست رسہ کشی کا سلسلہ جاری رہا اور پولیس نے احتجاجی طلباء پر لاٹھی چارج کرنا شروع کیا جبکہ طلباء نے اس بات کا ادعا کیا کہ انہوں نے اپنے مسائل کی یکسوئی کے مطالبہ پر پرامن احتجاج منظم کر رہے تھے لیکن پولیس نے مداخلت کر کے طلباء پر زبردستی لاٹھی چارج شروع کیا جس پر احتجاجی طلباء نے پولیس رویہ کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔