بنگلور ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دبنگ دہلی اور پٹنہ پیریٹس کے درمیان کھیلا گیا مقابلہ ویوو پرو کبڈی کے ساتویں سیزن کا 66 واں مقابلہ تھا اور اس طرح ٹورنمنٹ اپنے نصف مقابلے مکمل کرچکا ہے۔ رواں سیزن نصف ٹورنمنٹ مکمل ہونے کے باوجود ٹیموں کے درمیان ہنوز مسابقتی مقابلے جاری ہیں۔ ٹورنمنٹ میں تاحال نوین کمار سب سے کامیاب ڈیفنڈر کے طور پر منظرعام پر آئے ہیں۔ ٹورنمنٹ کا ابتدائی نصف مرحلہ کافی دلچسپ ثابت ہوا ہے اور اسے ٹورنمنٹ منتظمین نے سخت ترین پہلا نصف قرار دیا ہے۔ نصف ٹورنمنٹ کے اختتام پر تمام ٹیموں کے کپتان اور کوچ بنگلور میں جمع ہوئے جہاں ایک کانفرنس منعقد کی گئی تھی۔ ٹورنمنٹ کے نصف مرحلہ کے بعد دبنگ دہلی سب سے آگے ہے اور اس موقع پر ٹیم کے کپتان جوگیندر نروال موجود تھے۔ تلنگانہ کی ٹیم تلگو ٹائیٹنس کے کوچ غلام ریزا مزندارانی نے کہا ہیکہ اس وقت کبڈی شطرنج کی طرح ہوچکا ہے جہاں ایک غلطی پورے مقابلہ کا نقشہ بدل سکتی ہے۔ یہی وجہ ہیکہ ٹیم کے تمام کھلاڑی بہتر مظاہرہ اور کم سے کم غلطیوں پر اپنی توجہ مبذول کررہے ہیں۔ سرفہرست ٹیم دہلی کے کپتان جوگیندر نے کہا کہ پہلا نصف مرحلہ ختم ہوجانے کے باوجود کسی بھی ٹیم کے کلے آف میں نہ پہنچنے سے اندازہ ہوتا ہیکہ رواں ٹورنمنٹ کس قدر مسابقتی ہورہا ہے۔