کراچی۔19 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ایک بار پھر ہند۔ پاک کرکٹ تعلقات کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب دونوں ممالک کبڈی کھیل سکتے ہیں تو کرکٹ کیوں نہیں۔ شعیب اختر نے کہا کہ ہم ڈیوس کپ اور کبڈی تک ایک دوسرے کے ساتھ کھیلتے ہیں تو پھرکرکٹ میں کیا مسئلہ ہے، اگر آپ کو تمام تعلقات منقطع کرنا ہے تو پھر تجارت بھی ختم کریں، کبڈی بھی نہ کھیلیں، صرف کرکٹ کو ہی کیوں سیاست زدہ کیا جاتا ہے، یہ کافی مایوس کن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک دوسرے کے آلو اور پیازکھاتے ہیں تو پھرکرکٹ کیوں نہیں کھیل سکتے؟ میں سمجھ سکتا ہوں کہ ہندوستان پاکستان نہیں آسکتا اور پاکستان ٹیم وہاں نہیں جاسکتی، لیکن ہم ایشیا کپ اور چمپئنز ٹرافی تیسرے مقام پرکھیلتے ہیں تو پھر وہاں پر باہمی کرکٹ سیریز کیوں نہیں کھیل سکتے؟ امید ہے کہ دونوں ملک جلد ہی باہمی کرکٹ کھیلنا شروع کردیں گے۔یاررہے کہ گزشتہ ہفتہ ہندوستانی ٹیم نے پاکستان میں کبڈی ورلڈکپ کا فائنل میزبان ٹیم کے خلاف کھیلا تھا اوروہ اس ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے کئی دن پاکستان میں قیام بھی کرچکی ہے۔