کتوں کے حملہ میں پانچ کمسن بچے زخمی

   

شمس آباد ۔ 15 ستمبر (سیاست نیوز) شمس آباد میونسپلٹی میں آوارہ کتوں کے حملہ میں پانچ کمسن بچے زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق شمس آباد میونسپل کے محلات احمد نگر، قاضی گلی، بہادر علی، مقطعہ اور سعادت کالونی میں ایک ہی دن میں آوارہ کتوں نے کمسن بچوں پر حملہ کرکے بری طرح زخمی کردیا۔ زخمیوں میں 10 سالہ مولانا، 3 سالہ محمد معراج، 13 سالہ مسکان، 6 سالہ نائیرہ اور 3 سالہ اذان شامل ہیں۔ مقامی افراد نے میونسپل عہدیداروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل آفس میں کئی مرتبہ درخواست دی گئی کہ آوارہ کتوں کو پکڑا جائے لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ شمس آباد میونسپل میں آوارہ کتوں کی کثرت حد سے زیادہ ہوچکی ہے۔ ہر گلی میں کم از کم چھ تا آٹھ کتنے اور سڑکوں پر رات کے اوقات دس تا پندرہ کتنے نظر آتے ہیں۔ ہر چوراہے پر کتوں کی کثرت میں اضافہ سے مسافرین کو مشکلات پیش آرہی ہیں اور ہر گلی اور محلہ میں کتوں کی وجہ سے والدین اپنے بچوںکو گھروں کے باہر بھیجنے میں خوف کھا رہے ہیں۔ میونسپل عہدیدار اور قائدین صرف شعبدہ بازی میں ہی مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔ عوامی مسائل سے انہیں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔