خصوصی عدالت میں سکیورٹی کے وسیع تر انتظامات
پٹھان کوٹ ۔ /9 جون (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے کتھوا میں ایک 8 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی اور ہولناک قتل کیس کا فیصلہ کل یہاں کی ایک خصوصی عدالت کی جانب سے کیا جائے گا ۔ اس کیس میں اِن کیمرہ کارروائی ہوگی ۔ معصوم لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کے واقعہ سے سارا ملک دہل گیا تھا ۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج تیجویندر سنگھ نے /3 جون کو اعلان کیا تھا کہ وہ اس کیس کا فیصلہ /10 جون کو سنائیں گے ۔ عدالت میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ کتھوا میں بھی فیصلہ کے اعلان کے پیش نظر پولیس نے چوکسی اختیار کرلی ہے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ 15 صفحات کے چارج شیٹ کے مطابق 8 سالہ لڑکی کا گزشتہ سال /10 جنوری کو اغواء کیا گیا تھا اور اس کی مبینہ عصمت ریزی کی گئی تھی ۔ چار دن تک اسے ایک کمرے میں بند رکھنے کے بعد اس کا گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا ۔ سپریم کورٹ نے اس کیس کی تحقیقات کا حکم دیا تھا ۔ کرائم برانچ نے موضع کے سرپنچ سنجی رام اور اس کے بیٹے وشال اور دوست آنند گپتا کو گرفتار کرلیا تھا ۔