کتہ گوڑم ضلع میں انکاؤنٹر، 6 ماؤسٹ ہلاک

   

اطراف کے اضلاع میں پولیس کی جانب سے بڑے پیمانہ پر تلاشی مہم
حیدرآباد ۔5۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے بھدرادری کتہ گوڑم ضلع میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں 6 ماؤسٹوں کی موت واقع ہوئی ہے۔ کارکا گوڑم منڈل میں ماؤسٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر پولیس نے تلاشی مہم شروع کی اور صبح کی ابتدائی ساعتوں میں پولیس اور ماؤسٹوں کے درمیان انکاؤنٹر ہوا۔ اطلاعات کے مطابق 6 ماؤسٹ انکاؤنٹر میں ہلاک ہوئے جبکہ گرے ہانڈس فورس کا ایک کانسٹبل زخمی ہوا۔ مہلوک ماؤسٹوں کی شناخت بھدرادری کتہ گوڑم ضلع میں سرگرم لچنا دلم کے ارکان کی حیثیت سے ہوئی ہے جو چھتیس گڑھ ، آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں سرگرم تھے۔ انکاؤنٹر کے بعد پولیس نے علاقہ میں تلاشی مہم میں شدت پیدا کردی ہے تاکہ ماؤسٹوں کی موجودگی کا پتہ چلایا جاسکے ۔ اطراف کے اضلاع میں پولیس نے سخت چوکسی اختیار کرلی۔ واضح رہے کہ ماؤسٹ سرگرمیاں چھتیس گڑھ تک محدود ہوچکی تھیں لیکن حالیہ عرصہ میں چھتیس گڑھ سے متصل تلنگانہ کے سرحدی اضلاع میں ماؤسٹ تنظیموں کی سرگرمیاں دیکھی جارہی ہیں۔ پولیس نے تلنگانہ میں ماؤسٹ سرگرمیوں کو کچلنے کیلئے بڑے پیمانہ پر مہم شروع کردی ہے۔ 1