حیدرآباد:22؍اکتوبر(سیاست نیوز) شہر کے چندانگر پولیس اسٹیشن کی حدود میں افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ ہوٹل میں کتے کا پیچھا کرتے ہوئے ایک نوجوان ہوٹل کی تیسری منزل سے گرکر ہلاک ہوگیا ۔ مرنے والے کی شناخت اْودئے (23 سال) کے طور پر ہوئی ہے جو آندھرا پردیش کے تنالی سے تعلق رکھتا تھا، اْودئے رامچندراپورم کے علاقے اشوک نگر آیا تھا۔ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ کل وی وی پرائیڈ ہوٹل گیا ہوا تھا جب اْودئے تیسری منزل کی بالکونی میں پہنچا تو وہاں اس نے ایک کتے کو دیکھ اور اس کا پیچھا کرنے لگا۔ اسی دوران نوجوان توازن کھو کر کھڑکی سے نیچے گرپڑا اور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔کتے کا پیچھا کرنے کا یہ منظر سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا۔سارے واقعہ میں ہوٹل میں کتے کی موجودگی شکوک وشبہات کا سبب بنی ہوئی ہے۔اودے اپنے کمرے سے باہر ہوٹل کی لابی میں گھوم رہا تھا کہ اچانک وہاں کتا آگیا ۔ اودے کتے کو ہانکنے کی کوشش کرتا رہااور کتا اس کو ادھر ادھر گھماتا رہا ۔ کتے کے تعاقب میں دوڑ لگاتے ہوئے وہ بالکونی کی کھڑکی سے نیچے گرگیا اور ہلاک ہوگیا ۔ چندا نگر پولیس کے ایک عہدیدار نے بتا یا کہ نوجوان کتے کا پیچھا کرتے ہوئے اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور اتفاقی طور پر کھڑکی سے نیچے گر گیا۔پولیس نے بتا یا کہ نوجوان کو ہاسپٹل لیجایا گیا جہاں ڈاکٹر نے اسے مردہ قرار دیا۔مہلوک کی والدہ کی شکایت پرپولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔