جالندھر: مرکزی وزیر اور پنجاب بی جے پی کے انچارج گجیندر سنگھ شیخاوت نے جمعہ کو کہا کہ ڈرگ مافیا کے خلاف لڑائی لڑنے کا دعویٰ کرنے والے عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کجریوال نے اسی معاملے پر شرومنی اکالی دل کے سینئر لیڈربکرم سنگھ مجیٹھیا سے غیر مشروط معافی مانگی تھی۔ مسٹر شیخاوت نے کہا کہ مسٹر کجریوال پچھلے کئی مہینوں سے پنجاب میں گھوم رہے ہیں اور ڈرگ مافیا کو ختم کرنے اور انہیں جیل میں ڈالنے کے لئے نظام میں تبدیلی لانے کا دعویٰ کر رہے ہیں، لیکن وہ مسٹر کجریوال کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ انہوں نے ایک ڈرپوک انسان کی طرح برتاؤ کرتے ہوئے ، اکالی لیڈر مجیٹھیا سے غیر مشروط معافی مانگ لی تھی۔ مسٹر شیخاوت نے مسٹر کجریوال کے ذریعہ مسٹر مجیٹھیا کو لکھے گئے معافی نامے کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ جس طرح آج مسٹر کجریوال لوگوں کو جیل بھیجنے کی باتیں کرتے ہیں، وہ مجیٹھیا پر ڈرگ مافیا کے ساتھ گٹھ جوڑ کا الزام لگاتے تھے ، لیکن جب مسٹر مجیٹھیا نے اس سلسلے میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تو ایک سال کے اندر، 15 مارچ 2018 کو، مسٹر کجریوال نے مجیٹھیا سے یہ کہتے ہوئے غیر مشروط معافی مانگ لی کہ ان کے ذریعہ مسٹر مجیٹھیا پر لگائے گئے الزامات غلط ہیں۔
